اسکولوں کے اوقات صبح 9بجے برقرار رکھنے کامطالبہ
سال 2026کے تعلیمی معمولات طے کیے جائیں،پرائیویٹ اسکولزایسوسی ایشن یکساں امتحانی نصاب اور امتحانی پیپرز کی معیاری ٹیبل کا فیصلہ خوش آئند قرار
کراچی (این این آئی) آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حیدرعلی اور مرکزی رہنماں دوست محمد دانش،ڈاکٹر نجیب میمن، محمد سلیم، توصیف شاہ، مرتضی شاہ، محمد ساجد، اعجاز کاشف، اشفاق حسین، شہاب اقبال، عادل بلوچ، نعمان رضا،منیر عباسی، شکیل سومرو، مرزا اشفاق بیگ، یونس قائم خانی، ضلعی صدور اور دیگر ایگزیکٹو ممبران نے وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ میں موسمی شدت کے پیش نظر ایک ہفتے کے لیے 31 جنوری تک اسکولوں کے آغاز کا وقت صبح 9 بجے ہی برقرار رکھا جائے ۔خاص طور پر سندھ کے دور دراز اضلاع میں سردی کا اثر زیادہ ہوتا ہے جس کی وجہ سے والدین کو دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ان رہنماں کا مزید کہنا تھا کہ تعلیمی سال ختم ہونے والا ہے امتحانات میں بہت کم وقت رہ گیا ہے اور سال 2026 کے لیے تعلیمی کیلنڈر طے کرنا باقی ہے۔
لہذا اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس فوری طور پر بلا کر سال 2026 کے تعلیمی معمولات طے کیے جائیں۔تمام تعلیمی بورڈز میں امتحانات کا شیڈول، آٹھویں جماعت تک کے امتحانات، نئے داخلے ، نئے تعلیمی سال کا آغاز اور تعطیلات کے تعین جیسے اہم اور بنیادی معاملات کو فوری طور پر طے کیا جا سکے ۔ان رہنماؤں نے وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ کے یکساں امتحانی نصاب اور امتحانی پیپرز کی معیاری ٹیبل کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سلیبس اور پرچوں کے معیارات کی تفصیل فوری طور پر جاری کی جائے بصورت دیگر امتحانات میں بہتری کی جانب کیے گئے فیصلے پر رواں سال عملدرآمد مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن ہوگا۔