سنی تحریک کا تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ

سنی تحریک کا تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ

کس کے مفادات کے تحفظ کیلئے ہزاروں سرکاری اسکول عملاً غیر فعال ہیںتعلیم کو کرپشن سے پاک کیے بغیر قومی ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا،بلال سلیم

کراچی (این این آئی)پاکستان سنی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ علامہ بلال سلیم قادری نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت فوری طور پر ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرے ،تعلیم کے بجٹ میں واضح اور عملی اضافہ کیا جائے ، جبکہ سندھ حکومت تمام بند اسکولوں کو فوری طور پر فعال بنانے ،اساتذہ کی میرٹ پر بھرتیوں اور تعلیمی فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بنائے ۔نصابِ تعلیم کو جدید سائنسی تقاضوں کے مطابق بنانے کے ساتھ ساتھ دینی و اخلاقی اقدار کو بھی شامل کیا جائے تاکہ ایک باکردار، باصلاحیت اور باشعور نسل تیار ہو سکے ۔تعلیم کو سیاست اور کرپشن سے پاک کیے بغیر قومی ترقی کا خواب کبھی پورا نہیں ہو سکتا۔ جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک خصوصا سندھ میں تعلیمی صورتحال حکومتی نااہلی،عدم دلچسپی اور غیر سنجیدگی کا واضح ثبوت بن چکی ہے ۔ لاکھوں بچے آج بھی اسکولوں سے باہر ہیں،جبکہ حکمران طبقہ تعلیم کے عالمی دن پر محض رسمی بیانات اور نمائشی تقاریب تک محدود ہے ۔انہوں نے حکومت سندھ کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ جیسے بڑے صوبے میں تعلیمی ایمرجنسی کا نفاذ کیوں نہیں کیا گیا؟آخر کس کے مفادات کے تحفظ کے لیے ہزاروں سرکاری اسکول عملاً غیر فعال ہیں؟دیہی اور شہری سندھ میں تعلیم کے نام پر اربوں روپے کہاں خرچ ہو رہے ہیں؟سندھ حکومت کو جواب دینا ہوگا کہ تعلیم سے محروم لاکھوں بچوں کے مستقبل کی ذمہ داری کون لے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں