چھوٹے عمل بڑی تبدیلیوں کا باعث بن سکتے ،طارق نظامانی

چھوٹے عمل بڑی تبدیلیوں کا باعث بن سکتے ،طارق نظامانی

ہمیں استعمال شدہ اشیا کو استعمال میں لانے میں مددکرنی ہے ،ایم ڈی سالڈ ویسٹپی ای سی ایچ ایس کالج میں آگاہی پروگرام ،300 سے زائد طالبات کی شرکت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق علی نظامانی نے پی ای سی ایچ ایس کالج فار ویمن میں گزشتہ روز ایک موثر اور معلوماتی آگاہی پروگرام میں خطاب میں کہا کہ نوجوان بالخصوص خواتین کمیونٹی رابطہ و آگاہی میں مثبت کردار ادا کرتی ہیں۔آج ہم عہد کریں گے کہ ہم ہر روز ایسے کام سر انجام دیں گے جو ماحول کے لیے اچھے ہونگے ۔ ہمارے چھوٹے چھوٹے عمل بڑی بڑی تبدیلیوں کا باعث بن سکتے ہیں۔ چاہے یہ کچرے کو کم کرنا ہو، ری سائیکلنگ ہو، یا آگاہی پھیلانا ہو، یہ سب باتیں اہمیت کی حامل ہیں۔ ہمیں گندگی کو کم کرنے ، استعمال شدہ اشیا کو دوبارہ استعمال میں لانے ، اپنے ماحول کو صاف ستھرا اور سرسبز رکھنے میں مددکرنی ہے اور دوسروں کو ترغیب دینی ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے آپریشن سے آگاہ کیا اور کچرے سے ری سائکلنگ، قابل استعمال بنانے ، بائیو گیس، کھاد و دیگر اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔تقریب میں تین سو سے زائد طالبات نے شرکت کی۔کالج کی پرنسپل پروفیسرشہلا قریشی نے خطاب میں کہا کہ اس قسم کے آگاہی پروگرام طلبہ میں شعور، تخلیقی صلاحیتوں اور سماجی ذمہ داری کے احساس کو فروغ دیتے ہیں ہم اس مقصد کو جاری رکھیں گے اور اپنے کالج کے بچوں کو کچرے کو الگ کرنے اور ریسائکلنگ کی ترغیب دینے میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں