عمرہ ویزا کے حامل مسافروں سے ممنوع اشیاء برآمد
مسافر وں کے پاس ہوٹل بکنگ اور عمرہ کیلئے مناسب مالی وسائل نہیں تھےحکام نے پانچوں ملزمان کے 3سہولت کاروں کو بھی حراست میں لے لیا
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)جناح ایئرپورٹ پر 3 اہم اداروں کی چیکنگ عبور کرنے والے عمرہ مسافروں سے ممنوع اشیاء برآمد کر لی گئیں، 5 مسافروں اور ان کے تین سہولت کاروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔حکام کے مطابق مسافر 3 اہم سکیورٹی چیک پوائنٹس اے این ایف، کسٹم اور اے ایس ایف عبور کرنے کے بعد امیگریشن کلیئرنس کے لیے پہنچے ۔ مسافروں میں شاہ فیصل، محمد ہاشم، اسداللہ، وقاص اور محسن شیخ شامل ہیں جو پاکستانی پاسپورٹس پر عمرہ ویزا کے حامل ہو کر سعودی عرب روانہ ہو رہے تھے ۔ امیگریشن کلیئرنس کے دوران جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کاؤنٹر افسران کی جانب سے مشکوک حرکات کے باعث مذکورہ مسافروں کو مزید جانچ پڑتال کے لیے انچارج اور جی آر او کے پاس ریفر کیا گیا۔ جانچ پڑتال کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ کسی بھی مسافر کے پاس ہوٹل بکنگ موجود نہیں تھی اور نہ ہی ان کے پاس عمرہ کی ادائیگی کے لیے مناسب مالی وسائل تھے ۔ مذکورہ مسافر امیگریشن کاؤنٹر تک پہنچنے سے قبل ایئرپورٹ سکیورٹی فورس، اینٹی نارکوٹکس فورس اور کسٹمز کے تین سکیورٹی چیک پوائنٹس عبور کر چکے تھے ۔امیگریشن سیکشن میں تفتیش کے دوران مسافروں کا سامان معائنہ کے لیے طلب کیا گیا۔ معائنے پر ان کے قبضے سے سگریٹ، نسوار، تمباکو، ادویاتی کریمیں، چھالیہ اور دیگر ممنوع اشیاء کی بھاری مقدار برآمد ہوئی۔