گورنر کی شہید فائر فائٹر کو ستارہ امتیاز دینے کی سفارش

گورنر کی شہید فائر فائٹر کو ستارہ امتیاز دینے کی سفارش

شہید فرقان کے گھر جاکراہل خانہ سے تعزیت ، بیوہ کے لئے پلاٹ کا اعلان دہشتگردی کی سب سے بڑی وجہ جہالت ہے ،جامعہ بنوریہ کے کنونشن سے خطاب

کراچی(نیوز ایجنسیاں )سانحہ گل پلازہ میں ہولناک آتشزدگی کے بعد آگ بجھانے اور لوگوں کی جان بچانے کی کوشش کرتے ہوئے اپنی جان قربان کر دینے والے نوجوان فائر فائٹر فرقان علی کو ستارہ امتیاز دینے کی سفارش کی گئی ہے ۔یہ سفارش گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کی ہے ، جنہوں نے شہید فرقان کے گھر جا کر اہلخانہ سے تعزیت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کی۔گورنر سندھ نے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہوئے فرقان علی کے بلند درجات کے لئے دعا کی۔اس موقع پر انہوں نے بیوہ کے لئے پلاٹ دینے کا اعلان کیا، جس کی تعمیر بلڈر کرے گا جب کہ ان کے گھر کے سامنے کی سڑک کو شہید فائر فائٹر فرقان علی کے نام سے منسوب کرنے کا بھی اعلان کیا۔گورنر سندھ نے شہید فائٹر فرقان علی کے ننھے بیٹے کو گود میں اٹھا کر پیار کیا جبکہ پلاٹ کی فائل اور ستارہ امتیاز کی نامزدگی کا لیٹر اہل خانہ کو دیتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔علاوہ ازیں جامعہ بنوریہ عالمیہ کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ دنیا اور پاکستان میں دہشت گردی کی سب سے بڑی وجہ جہالت ہے اور اس کا خاتمہ صرف علم کے ذریعے ہی ممکن ہے ۔ مغربی ممالک بھی اس حقیقت سے آگاہ ہیں کہ رسولِ اکرمؐ کی سیرتِ طیبہ پوری دنیا کے لیے امن اور انسانیت کا پیغام ہے ، جبکہ اسلام خواتین اور اقلیتوں کے حقوق کا سب سے بڑا محافظ ہے ۔تقریب سے سعودی عرب، برطانیہ، عمان سمیت دیگر ممالک کے قونصل جنرلز نے بھی خطاب کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں