عمرکوٹ، محراب پور میں 2نوجوان قتل، ورثا کا احتجاج
موتی چوک کے رہائشی اسماعیل سمیجو کا گلا کاٹا گیا، اسپتال لے جاتے چل بساواقعہ کیخلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال، محراب پور میں محمد فیصل کی گولیاں لگی لاش ملی
عمرکوٹ، محراب پور(نمائندگان)عمر کوٹ اور محراب پور میں 2 نوجوانوں کو قتل کردیا گیا۔ گزشتہ شب عمرکوٹ شہر کے علاقے موتی چوک ون فائیوپولیس چوکی کے سامنے ایک نوجوان شدیدزخمی حالت میں ملا، جس کاگلا کٹاہواتھا،شہریوں اورپولیس اہلکاروں نے زخمی کو اسپتال منتقل کیا، مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا،متوفی نوجوان کی شناخت 25 سالہ اسماعیل سمیجو کے نام سے ہوئی، مبینہ قتل کے خلاف ورثاء اور شہری سراپا احتجاج بن گئے ، ورثا ء نے اللہ والاچوک پریس کلب کے سامنے لاش رکھ کر دھرنا دیا۔ مظاہرین نے ٹائر نذر آتش کرکے مین روڈ بلاک کردیا، جس سے ٹریفک معطل ہوگئی، جبکہ شہر میں شٹرڈاؤن ہڑتال بھی کی گئی، تمام کاروباری مراکز، مارکیٹیں اوربازار بند رہے ، ورثاء اور شہریوں قاتلوں کی فوری گرفتاری اورانصاف کی فراہمی کامطالبہ کیا، واقعہ کی وجہ معلوم ہوسکی۔
ورثاء کی جانب سے 5 گھنٹے دھرنا اور احتجاج کے بعد ایس ایس پی عمرکوٹ عزیراحمد میمن مظاہرین کے پاس پہنچے اور انہوں نے متوفی کے ورثاء کو5روزکے اندرملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد مظاہر پرامن طورپرمنتشرہوگئے ۔ دوسری جانب محراب پور میں کوٹ لالو شہر کے قریب 24 سالہ نوجوان کی تشدد زدہ لاش کی اطلاع پر پولیس نے اسپتال منتقل کر دی، پولیس کے مطابق لاش کی شناخت گاؤں محمد پناہ خاص خیلی کے رہائشی محمد فیصل ولد علی گل خاص خیلی کے نام سے ہوئی ہے ، مقتول ماں باپ کا اکلوتا تھا لاش ضروری کارروائی بعد ورثاء حوالے کر دی گئی۔