حیدر آباد:سرکاری ونجی عمارتوں میں فائر سیفٹی آڈٹ کیلئے اجلاس
شہر میں کمرشل، سرکاری ونجی عمارتوں کی 3کیٹیگریز کی فہرستیں بنالیں، ڈپٹی کمشنر302کمرشل عمارتیں شامل، آڈٹس سندھ حکومت شائع کرے گی، زین العابدین
حیدرآباد، (بیورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن کی زیر صدارت نیو ڈپٹی کمشنر کمپلیکس حیدرآباد میں سرکاری و نجی کمرشل عمارتوں میں فائر سیفٹی آڈٹ کے عمل کو تیز اور مؤثر بنانے کے لیے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ محکموں کے افسران اور چیمبرز آف کامرس سمیت ٹریڈ یونینز کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایات کے مطابق فائر سیفٹی آرڈرز پورے سندھ میں نافذ کیے جا رہے ہیں اور تمام متعلقہ افسران کو پہلے ہی ضروری ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع حیدرآباد میں کمرشل، سرکاری اور نجی عمارتوں کی تین کیٹیگریز کی فہرستیں تیار کر لی گئی ہیں، جن میں 302 کمرشل عمارتیں شامل ہیں، جن کے فائر سیفٹی آڈٹس سندھ حکومت کے تحت شائع کیے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر حیدرآباد نے ہدایت کی کہ آج سے ہی ان تمام عمارتوں کا دورہ شروع کیا جائے جہاں فائر سیفٹی آڈٹ موجود نہیں یا ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جن عمارتوں میں احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کی جائیں گی ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ فائر سیفٹی انسپیکشن کے لیے ایک باقاعدہ پروفارمہ تیار کیا گیا ہے جسے دوران انسپیکشن مکمل کیا جائے گا، اور اگر کسی عمارت میں فائر ایکسٹینگشر، الارم یا دیگر بنیادی حفاظتی آلات موجود نہ ہوں تو اسی پروفارمہ کی بنیاد پر نوٹس اور سخت وارننگ جاری کی جائے گی۔