باندھی:بجلی، گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ کیخلاف جے یوپی کا احتجاج
باندھی(نامہ نگار)باندھی شہر میں گیس اور بجلی کی بدترین اور ظالمانہ لوڈشیڈنگ کے خلاف عوام کا صبر جواب دے گیا۔ جمعیت علماء پاکستان کے صوبائی صدرعلامہ افتخار احمد عباسی کی قیادت میں شہریوں نے مظاہرہ کیا، جس میں شہر کے مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں شہریوں اور دکانداروں نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ شہر کے اکثر علاقوں میں کئی ماہ سے گیس کی فراہمی مکمل معطل ہے ، جبکہ دیگر علاقوں میں پریشر نہ ہونے کے برابر ہے ، جس سے روزمرہ زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔ شہریوں نے بتایا کہ گھروں میں کھانا پکانا انتہائی مشکل بنادیا گیا، مگر اس کے باوجود صارفین کو ہزاروں روپے کے بل بھیجے جا رہے ہیں، جو سراسر ناانصافی ہے ۔احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے علامہ افتخار احمد عباسی نے کہا کہ گیس، بجلی اور پانی عوام کے بنیادی حقوق ہیں، مگر بدقسمتی سے منتخب نمائندے عوام کو یہ سہولیات فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔