نوابشاہ:بی آئی ایس پی رقم سے کٹوتی کرنیوالے 5ملزم گرفتار

نوابشاہ:بی آئی ایس پی رقم سے کٹوتی کرنیوالے 5ملزم گرفتار

اینٹی کرپشن کی قاضی احمد میں کارروائی، چھاپوں کی اطلاع پرکئی ڈیوائس ہولڈر فرارنوشہرو فیروز میں 3ہزار تک کٹوتی کاسلسلہ جاری، انتظامیہ کی ملی بھگت بھی شامل

نوابشاہ، محراب پور(نمائندگان دنیا)سرکل افسر اینٹی کرپشن صدیق لوند اور پولیس نے ضلع کے مختلف علاقوں میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مستحق خواتین کی جانب سے رقم کٹوتی کی موصول ہونے والی شکایات پر ایکشن لیتے ہوئے 5 ڈیوائس ہولڈر گرفتار کرلئے ۔ اینٹی کرپشن ٹیم نے قاضی احمد کے مختلف مقامات پر چھاپے مارے ، جہاں کارروائی کے دوران 5 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی، نواب شاہ کے مختلف علاقوں میں بھی چھاپے مارے گئے ، تاہم وہاں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔

ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن ٹیم کو دیکھتے ہی متعدد ڈیوائس ہولڈرز اپنی دکانیں بند کر کے فرار ہو گئے ، اینٹی کرپشن ٹیم کے اراکین کا کہنا تھا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحقین کو دی جانے والی رقم میں کسی قسم کی کٹوتی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ادھر ضلع نوشہرو فیروز میں بھی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحق خواتین کی امدادی رقم میں ڈیوائس ہولڈر اور ایجنٹ مافیا کی جانب سے 2 سے 3 ہزار تک کٹوتی کا سلسلہ بدستور جاری ہے ، نوشہرو فیروز، محراب پور، مورو، بھریا، ٹھارو شاہ، دریا خان مری، پھل، پڈعیدن، کنڈیارو، ہالانی، کوٹری کبیر میں بی آئی ایس پی انتظامیہ اور پولیس کی ملی بھگت سے کٹوتی ہو رہی ہے ۔ ایس ایس پی نوشہرو فیروزکواس تمام صورتحال سے آگاہ کیا گیا، لیکن ڈیوائس مافیا کے خلاف کارروائی نہ ہونے سے دیدہ دلیری سے کٹوتی کا سلسلہ جاری ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں