ہرکاروباری مرکز میں آگ بجھانے کے آلات رکھے جائیں، ثنا اللہ
جانیں قیمتی، معمولی احتیاط بڑے سانحے سے بچا سکتی، اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈو باگوبدین کی انتظامیہ شہری علاقوں میں حفاظتی انتظامات کے لئے سنجیدہ ہے ، اجلاس
پنگریو (نامہ نگار)اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈوباگو ثناء اللہ صدر میمن کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس ہوا، جس کا مقصد شہر میں آگ لگنے کے واقعات سے بچاؤ، ہنگامی صورتحال میں فوری اقدامات اور انسانی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا تھا۔اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈوباگو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری اور شہری اپنی دکانوں اور گھروں میں آگ بھڑکنے کی صورت فوری قابو پانے کے لیے حفاظتی انتظامات یقینی بنائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ہر دکان اور کاروباری مرکز میں آگ بجھانے کے آلات خصوصاً فائر ایکسٹینگویشر (سلنڈر) رکھے جائیں تاکہ ابتدائی مرحلے پر ہی آگ پر قابو پا کر بڑے نقصان سے بچا جا سکے ۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی جان سب سے قیمتی ہے اور معمولی سی احتیاط کسی بڑے سانحے سے بچا سکتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہری علاقوں میں حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدہ ہے اور تاجروں کے ساتھ تعاون سے ایک محفوظ ماحول قائم کیا جائے گا۔ اس موقع پر تاجروں کو ہدایت کی گئی کہ بجلی کی وائرنگ، گیس سلنڈرز اور آتش گیر اشیاء کے استعمال میں احتیاط برتیں۔اجلاس میں مختارکار لال محمد بجیر، ڈی ایس پی راج کمار لوہانو، تعلقہ اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر وقار احمد میمن سمیت دیگر متعلقہ حکام اور شہری نمائندوں نے شرکت کی۔