نتائج میں ردوبدل:سابق چیئرمین انٹر بورڈ سمیت دیگر پر فرد جرم عائد
کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی اینٹی کرپشن عدالت میں انٹرمیڈیٹ کے نتائج میں ردوبدل اور جعلسازی کے کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے انٹر بورڈ کے سابق چیئرمین نسیم میمن، ڈاکٹر سعیدالدین سمیت دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد کر دی۔
عدالت کے روبرو تمام ملزمان نے صحتِ جرم سے انکار کیا جس کے بعد عدالت نے استغاثہ کے گواہان کو طلب کرنے کا حکم دے دیا۔ استغاثہ کے مطابق ملزمان کے خلاف پری میڈیکل 2022 اور 2023 کے نتائج میں ردوبدل، جعلسازی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے سنگین الزامات ہیں۔ استغاثہ کے مطابق تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ متعدد افسران کی جانب سے نشانات میں غیر قانونی اضافہ کیا گیا، ایوارڈ لسٹس میں کٹ پیسٹنگ کے ذریعے نمبرز بڑھائے گئے اور ٹیبولیشن رجسٹرز سے اہم دستخط غائب پائے گئے ۔، تحقیقات میں یہ انکشاف بھی کیا گیا کہ سال 2022 کی امتحانی جوابی کاپیاں محفوظ رکھنے کے بجائے 2023 میں ہونے والی ایک نیلامی میں غلطی سے ضائع کر دی گئیں، عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت 26 فروری تک ملتوی کر دی۔