سندھ حکومت کا لائیو اسٹاک شعبے کو عالمی معیار پر لانے کا عزم
کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر لائیو اسٹاک اینڈ فشریز سندھ محمد علی ملکانی نے کہاہے کہ سندھ حکومت لائیو اسٹاک محکمہ کو ترقی دینے کیلئے اہم اقدامات کر رہی ہے۔
ہم دنیا بھر سے اعلیٰ نسل کے جانور سندھ لانے کے ساتھ آئی وی ایف ٹیکنالوجی کے ذریعے مقامی مادہ جانوروں میں حمل منتقل کر کے دودھ اور گوشت کی پیداوار بڑھانا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار محمد علی ملکانی نے جمعرات کوڈیزی فارم پرائیویٹ لمیٹڈ کے حکام کے ساتھ ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ہم دنیا بھر سے اعلیٰ نسل کے نر جانور خرید کر پاکستان لاتے ہیں جہاں ان کی رہائش، خوراک اور مختلف بیماریوں سے بچاؤ کیلئے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں جس کے بعد ان کے نسل کے جراثیم مقامی مادہ جانوروں میں منتقل کر کے اعلیٰ نسل کے جانوروں کی افزائش کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے ، ہم چاہتے ہیں کہ پنجاب کی طرح سندھ بھی ہماری خدمات حاصل کرے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم آپ کے تمام اداروں کا دورہ کریں گے ، عملی طور پر کیے گئے کام کا جائزہ لیں گے اور اپنے محکمے میں باہمی تعاون کیلئے ایم او یو پر دستخط کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ لائیو اسٹاک محکمہ کو دنیا کا بہترین جانوروں کی پرورش کا محکمہ بنانے کیلئے ہم پرعزم ہیں۔