نئے سال کے پہلے ماہ 80 افراد حادثات کی نذر
جاں بحق ہونے والوں میں 59مرد، 9خواتین، 11بچے اور ایک بچی شامل سب سے زیادہ 10جان لیوا حادثات ٹریلر کی ٹکر سے پیش آئے ، ترجمان چھیپا
کراچی(این این آئی)نئے سال 2026 کے پہلے مہینے جنوری میں ٹریفک حادثات میں جاں بحق خواتین، بچوں اور بچیوں سمیت مجموعی تعداد 80 جبکہ زخمیوں کی تعداد 873 ہوگئی ہے ۔ترجمان چھیپا فاؤنڈیشن چورہدری شاہد کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق شہر میں ہونے والے جان لیوا ٹریفک حادثات میں جاں بحق 80 افراد میں 59 مرد، 9 خواتین، 11 بچے اور ایک بچی شامل ہے ۔انہوں نے بتایا کہ زخمی ہونے والے 873 افراد میں 695 مرد، 125 خواتین، 39 بچے اور 14 بچیاں شامل ہیں۔ترجمان کے مطابق شہر قائد میں سال کے پہلے ماہ کے دوران ہیوی گاڑیوں سے پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر21 افراد زندگی سے محروم ہوگئے جس میں سب سے زیادہ 10 جان لیوا ٹریفک حادثات ٹریلر کی ٹکر سے پیش آئے ۔اسی طرح واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 5 افراد، بس کی ٹکر سے 4 افراد، ڈمپر اور مزدا کی ٹکر سے 2 افراد جاں بحق ہوئے ۔یاد رہے کہ نارتھ کراچی میں ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار نوجوان شدید زخمی ہوگیا جسے انتہائی تشویش ناک حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔ایس ایچ او سرسید فرخ ہاشمی نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 17 سالہ احسن بلال کے ہوئی جو موٹر سائیکل پر اپنے دوست زوہیب کے ساتھ سوار تھا۔دریں اثنا اورنگی ٹاؤن بنارس چوک کے قریب ٹریفک حادثے میں35 سالہ حسن چل بسا جو راہگیر تھا جبکہ حادثہ نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے ۔