پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں، ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافے کا اعلان
کراچی(این این آئی)پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے ردعمل کے طور پر کرایوں میں 4 فیصد اضافہ کرنے کا اعلان کردیا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ہر پاکستانی متاثر ہوتا ہے ۔ وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب ٹرانسپورٹرز کو دیوار سے لگانا چاہتے ہیں، وفاقی حکومت نے ہماری حالیہ ہڑتال میں ہم سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی یقین دہانی کروائی تھی۔انہوں نے کہاکہ حالیہ ہڑتال میں بہت سے مسائل پر جو وفاقی اور حکومت پنجاب کی جانب سے ہم سے معاہدہ کیا گیا تھا اس پر عمل درآمد نہیں ہو رہا ہے ۔ وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے جو وعدہ کیا تھا موٹروے پولیس اس کو تسلیم کرنے کو تیار نہیں ہے ، وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب کی خواہش ہے کہ ہم پھر سے ملک گیر ہڑتال کرلیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سے کیے گئے معاہدے پر عمل درآمد نہیں کیا گیا تو ہم پھر ملک گیر ہڑتال کریں گے ۔