مختلف علاقوں میں تجاوزات کے نام پر بھتہ خوری کا انکشاف

مختلف علاقوں میں تجاوزات کے نام پر بھتہ خوری کا انکشاف

دکانیں، ریڑھیاں اور چھوٹے کاروبار ان کے نشانے پر ہیں، متاثرین کادعویٰشہری خوف و ہراس کا شکار،متاثرہ افراد ثبوت فراہم کریں ،ایس ایچ اوانکروچمنٹ

 کراچی (این این آئی) کراچی میں انکروچمنٹ کے نام پر بھتہ خوری میں ملوث ایک منظم گروہ ایک بار پھر سرگرم ہو گیا ہے ،مختلف علاقوں سے شہریوں کی شکایات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور خوف و بے چینی کی فضا قائم ہے ۔ متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ دکانیں، ریڑھیاں اور چھوٹے کاروبار ان کے نشانے پر ہیں، جبکہ افسوسناک امر یہ ہے کہ متعلقہ حکام یا تو اس سنگین صورتحال سے مکمل طور پر لاتعلق دکھائی دیتے ہیں یا پھر دانستہ آنکھیں بند کیے ہوئے ہیں۔اس معاملے پر جب ایس ایچ او انکروچمنٹ شایان انجم سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر کوئی شخص محکمہ انکروچمنٹ کے نام پر بھتہ طلب کر رہا ہے تو متاثرہ افراد ثبوت فراہم کریں تاکہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے ، تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ اصل مسئلہ سڑکوں پر گھومنے والے نامعلوم افراد نہیں بلکہ وہ عناصر ہیں جو محکمے کے اندر موجود رہ کر اپنی طاقت اور اثر و رسوخ کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے عوام کو ہراساں کر رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ ایک بار پھر اس حقیقت کو اجاگر کر رہا ہے کہ عوامی شکایات، دستیاب شواہد اور مظلوم کی آواز کو سنجیدگی سے لینا ناگزیر ہو چکا ہے ، بصورت دیگر قانون کی حکمرانی ایک سوالیہ نشان بن کر رہ جائے گی،وقت آ چکا ہے کہ غیر قانونی بھتہ خور عناصر کو بے نقاب کر کے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔  تاکہ غریب عوام کو وہ تحفظ اور ریلیف مل سکے جس کے وہ برسوں سے منتظر ہیں، کیونکہ اگر ایسا نہ ہوا تو عوامی صبر کا پیمانہ لبریز ہونا بعید از قیاس نہیں اور اس کے اثرات پورے شہر پر مرتب ہو سکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں