کراچی لٹریچر فیسٹیول 6فروری سے شروع ہوگا
8ممالک سے تعلق رکھنے والے 200سے زائد مندوبین شرکت کریں گےتین زبانوں میں 28کتابوں کی رونمائی، دستاویزی اور فیچر فلمیں بھی شامل
کراچی(سٹی ڈیسک)کراچی لٹریچر فیسٹیول کا 17واں ایڈیشن 6 تا 8 فروری مقامی ہوٹل میں ہوگا۔ فیسٹیول پاکستان کے سب سے بڑی اور بااثر ادبی تقریب کی حیثیت رکھتا ہے ، جس میں ہر خاص و عام کاداخلہ مفت ہے ۔ کے ایل ایف 2026میں خیالات، تخیل اور مکالمے کو یکجا کیا جائے گا، ایسے وقت میں جب ہمدردی اور استقامت کی تشکیل میں ادب کا کردار پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہوچکا ہے ۔آکسفورڈ یونیورسٹی پریس پاکستان کے زیرِ اہتمام ہونے والے فیسٹیول کاعنوان Literature in a Fragile Worldہے ، جس میں اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ کہانیاں، شاعری اور تنقیدی سوچ سماجی، سیاسی وثقافتی عدم استحکام اور تیزرفتار تبدیلیوں کے تناظر میں انسانی جذبات کی کس طرح ترجمانی کرتی ہیں۔فیسٹیول کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے آکسفورڈ یونیورسٹی پریس پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر ارشد سعید حسین نے کہا،‘‘تیزی سے منقسم ہوتی دنیا میں ادب ان چند آخری جگہوں میں سے ایک ہے جہاں عقائد پر سوال اٹھائے جا سکتے ہیں اور انسان بغیر کسی خوف کے بات کرسکتا ہے ۔رواں سال فیسٹیول میں 8 ممالک سے تعلق رکھنے والے 200 سے زائد مندوبین شرکت کریں گے ، جن کے ساتھ 90 سے زیادہ سیشنز ہوں گے ۔ پروگرام میں تین زبانوں میں 28 کتابوں کی رونمائی، دو دستاویزی فلمیں اور دو فیچر فلمیں بھی شامل ہیں۔ کلیدی خطابات سینیٹر شیری رحمان، محمد حنیف، ناصر عباس نیر اور خورشید رضوی کے ہوں گے ۔