چیف فائر آفیسرکی زیرصدارت اجلاس،مشکلات کا جائزہ لیا
شہید فائر فائٹر فرقان علی کو خراجِ عقیدت، آلات اور پانی کی فراہمی پر غورمحکمہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت
کراچی (اسٹاف رپورٹر )چیف فائر آفیسر ہمایوں خان کے زیر صدارت فائر ہیڈ کوارٹر میں سانحہ گل پلازہ کے سلسلے میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام اسٹیشنز ہیڈز شریک ہوئے ۔ محکمہ فائر بریگیڈ اور فائر فائٹرز کی کارکردگی و اقدامات سمیت آتشزدگی کے واقعات میں فائر فائٹنگ کے حوالے سے درپیش مشکلات کا جائزہ لیا گیا ۔ سانحہ گل پلازہ میں شہید افراد سمیت شہید فائر فائٹر فرقان علی کیلئے فاتحہ خوانی اور دعا مغفرت کی گئی ۔ اجلاس میں محکمہ فائر بریگیڈ کی کاکردگی مزید بہتر بنانے کیلئے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔فائر اسٹیشنز اور فائر ٹینڈرزکیلئے پانی کی دستیابی کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ فائر فائٹرزکیلئے تیسرے درجے کی شدید آگ میں ضروری سامان کی دستیابی پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اجلاس میں سانحہ گل پلازہ کی خطرناک آتشزدگی سے نمٹنے کیلئے محکمہ فائر بریگیڈ اور فائر فائٹر کی کاکردگی کو سراہا گیا ۔محکمہ فائر بریگیڈ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے سفارشات مرتب کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔ اجلاس میں شہید فائر فائٹرز فرقان علی کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا ۔ چیف فائر آفیسر نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوے بتایا کہ شہید فرقان علی نے فرض کی خاطر جان قربان کرکے محکمہ فائر بریگیڈ کا نام روشن اور وقار بلند کیا ہے ۔ سانحہ گل پلازہ میں شہید فائر فائٹر فرقان علی کے والد بھی فرض کی ادائیگی میں شہید ہوئے تھے ۔