کراچی تاکشمور بھرپوریوم یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان
ریلیاں، سیمینارز، مظاہرے اور انسانی زنجیر سمیت مختلف تقریبات ہوں گیتقریبات سے جماعت اسلامی کے صوبائی اور مرکزی قائدین خطاب کریں گے
کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے تحت 5 فروری کو یومِ یکجہتی کشمیر بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔ کراچی تاکشمورصوبے بھر میں ریلیاں، سیمینارز، احتجاجی مظاہرے اور انسانی زنجیر بنانے سمیت مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا، جن کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرنا اور ان کی جدوجہدِ آزادی کی حمایت کو اجاگر کرنا ہے ۔جماعت اسلامی سندھ کے ترجمان مجاہدچنا کے مطابق تقریبات سے جماعت اسلامی کے صوبائی اور مرکزی قائدین خصوصی خطاب کریں گے اور مسئلہ کشمیر کی تازہ صورتحال، انسانی حقوق کی پامالی اور عالمی برادری کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالیں گے ۔ مختلف شہروں میں بھی انسانی زنجیر بنائی جائے گی، جس کے ذریعے کشمیری عوام کے ساتھ عملی یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ تعلیمی اداروں، مساجد اور سماجی مراکز میں خصوصی دعاوں اور آگاہی پروگرامز کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے بنیادی حقوق اور حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، مگر بھارتی افواج کی جانب سے مسلسل مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، جن پر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے ۔جماعت اسلامی سندھ کے رہنماوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 5 فروری کے پروگرامز میں بھرپور شرکت کریں اور کشمیری بھائیوں کے ساتھ اپنی غیرمتزلزل یکجہتی کا اظہار کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جماعت اسلامی کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گی۔