جی ڈی اے کا 8فروری کو پریس کلبزپراحتجاج کااعلان
انتخابات میں عوامی رائے کو دھونس، انتظامی مداخلت سے تبدیل کیا گیا عوام آج بھی اس جعلی نظام کے نتائج بھگت رہے ہیں،سردار عبدالرحیم
کراچی (اسٹاف رپورٹر)گریند ڈیموکریٹک الائنس کے سیکریٹری اطلاعات اور پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے ) کے سربراہ، حروں کے روحانی پیشوا پیر صاحب پگارا کی ہدایت پر 8 فروری کو ملک میں ہونے والے جعلی، منظم اور عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والے انتخابات کے خلاف سندھ بھر کے تمام ضلعی پریس کلبوں کے سامنے جی ڈی اے کی جانب سے بھرپور پُرامن احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 8 فروری 2024 کے انتخابات پاکستان کی جمہوری تاریخ کا سیاہ باب ہیں، جن میں عوام کی رائے کو طاقت، دھونس، انتظامی مداخلت اور فارم 47 کے ذریعے تبدیل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتخابات نہ صرف آئین پاکستان بلکہ جمہوری اقدار اور عوام کے بنیادی حقِ رائے دہی کی کھلی توہین ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ سمیت پورے ملک کے عوام آج بھی اس جعلی نظام کے نتائج بھگت رہے ہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی اور بدترین حکومتی نااہلی اسی جعلی مینڈیٹ کا نتیجہ ہے ۔ ایسے حالات میں خاموش رہنا عوام کے ساتھ ناانصافی ہوگی، سردار عبدالرحیم نے عہدیداران، کارکنان، ہمدردوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ 8 فروری کو ہونے والے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں ۔