غیر قانونی کچرا کنڈیوں کا فوری خاتمہ یقینی بنانے کے احکامات

غیر  قانونی  کچرا  کنڈیوں  کا  فوری  خاتمہ  یقینی  بنانے  کے  احکامات

صفائی ستھرائی کی صورتحال بہتر بنانے ، کچرا جلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی اور نوٹسز جاری کرنے کی بھی ہدایت ایگزیکٹو ڈائریکٹر آپریشن سالڈ ویسٹ کی زیرصدارت اجلاس،کمپنیوں سے مشینری اور عملے کی مکمل تعیناتی کی رپورٹ طلب

کراچی(اسٹاف رپورٹر )منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق علی نظامانی کی ہدایات پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر آپریشن احسن رضا کی زیر صدارت صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید موثر بنانے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام اضلاع کے متعلقہ افسران اور چائنیز کمپنیوں کے عہدیداران نے شرکت کی۔اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر آپریشن نے کہا کہ ایم ڈی سالڈ ویسٹ کی سخت ہدایت ہے کہ شہر میں صفائی کا معیار واضح طور پر نظر آنا چاہیے ۔ جن کمپنیوں کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں، وہ اپنی کارکردگی میں فوری بہتری لانے کے لیے جامع حکمتِ عملی مرتب کریں۔ تمام کمپنیوں کو مشینری اور عملے کی مکمل تعیناتی اور عملے کو سرکاری مقررہ نرخ کے مطابق اجرت کی ادائیگی سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔انہوں نے کہا کہ سڑکوں کے کنارے صفائی اور جگہ جگہ قائم غیر قانونی کچرا کنڈیوں کا فوری خاتمہ یقینی بنایا جائے ۔

تمام افسران اور کمپنیوں کے عہدیداران اپنی ذمہ داریاں دیانت داری سے انجام دیں، کام نہ کرنے والوں کے لیے ادارے میں کوئی جگہ نہیں۔ غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور معاہدے کے مطابق کام نہ کرنے والی کمپنیوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے ۔اجلاس میں کچرا اٹھانے کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر آپریشن نے ہدایت کی کہ کچرا اٹھانے والی گاڑیوں، ڈسٹ بنز کی مرمت اور کچرا دانوں کی چوری روکنے کے لیے مؤثر حکمت عملی مرتب کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کچرا اٹھانے کے مجموعی آپریشن کی کارکردگی میں مزید بہتری کی اشد ضرورت ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ تمام گاڑیاں اور مکینیکل مشینری آن روڈ اور ٹریکر سسٹم سے لیس ہونی چاہئیں۔ تمام کمپنیاں خستہ حال کچرا دان فوری طور پر تبدیل کریں، جبکہ جہاں کچرا دان چوری ہونے کی شکایات موصول ہو رہی ہیں، وہاں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رابطہ کرکے مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے ۔مزید برآں شہر کے داخلی راستوں اور ریلوے ٹریکس کی صفائی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی گئی۔ کچرا جلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی اور نوٹسز جاری کرنے اور سڑکوں و رہائشی علاقوں میں قائم غیر قانونی کچرا کنڈیوں کے جلد از جلد خاتمے کو یقینی بنانے کے بھی واضح احکامات دیے گئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں