لائن توڑ کر عارضی طور پر ڈیم سے شہریوں کو مہنگے داموں پانی بیچنے کا انکشاف

لائن  توڑ  کر  عارضی  طور  پر ڈیم  سے شہریوں  کو  مہنگے داموں پانی  بیچنے  کا انکشاف

پانی چوروں نے حب ڈیم سے پانی فراہم کرنیوالی 33انچ کی مین لائن کو کٹو گوٹھ میں نقصان پہنچایا ، لائن ٹوٹنے سے ڈسٹرکٹ کیماڑی اور ویسٹ کو فراہمی معطل ہوگئی

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)شہر میں پانی کی لائن توڑنے کے بعد عارضی طور پر ڈیم بناکر پانی شہریوں کو مہنگے داموں بیچنے کا انکشاف سامنے آیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق کراچی جیسے بڑے شہر میں واٹرکارپوریشن اور پولیس کی نااہلی کے باعث پانی چورسرگرم ہوگئے ہیں، بلدیہ ٹاؤن میں ایک بار پھر عین پانی فراہمی کے دن پانی چور مافیا نے پانی بیچنے کے لیے لائن توڑ دی۔لائن توڑکر عارضی ڈیم بنایا جاتا ہے ، جمع شدہ پانی شہریوں کو مہنگے داموں بیچا جاتا ہے ، لائن ٹوٹنے سے ڈسٹرکٹ کیماڑی اور ویسٹ کو پانی کی فراہمی معطل ہوگئی۔حب ڈیم سے پانی فراہم کرنیوالی 33 انچ کی مین لائن کو کٹو گوٹھ میں نقصان پہنچایا گیا، صدر پی ایس 111 اور ٹاؤن چیئرمین بلدیہ عبدالکریم آسکانی فوری موقع پر پہنچ گئے ۔

واٹربورڈ حکام کو موقع پر طلب کیا گیا، مشینری منگوا کر لائن کی مرمت کا کام شروع کرا دیا گیا، بلدیہ ٹاؤن کے کٹو گوٹھ میں گزشتہ ماہ بھی پانی فراہمی کرنے والی لائن توڑ دی گئی تھی۔یاد رہے کہ سندھ حکومت نے پانی چوری کے خلاف موثر قانونی کارروائی کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ اس سلسلے میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کو پانی چوری کے خاتمے کے لیے خصوصی اختیارات تفویض کر دیے گئے ہیں، جن کے تحت زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملی طور پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے ،اسی ضمن میں کراچی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پانی چوری کے مقدمات کی فوری سماعت کے لیے واٹر کارپوریشن کا خصوصی ٹربیونل قائم کر دیا گیا ہے جس کاباضابطہ افتتاح چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس ظفر احمد راجپوت نے کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں