پولیو مہم کی کامیابی کیلئے حکمت عملی تیار
مہم کا آج سے آغاز،22ہزار سے زائد پولیوورکرز ،2ہزار 7سو سے زائد ایریا انچارجز اور 267یو سی میڈیکل افسران فرائض انجام دیں گے8فروری تک جاری رہنے والی مہم کے دوران 21لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے ،کمشنر کی زیر صدارت اجلاس
کراچی (اسٹاف رپورٹر )کراچی میں انسداد پولیومہم پیر (آج)سے شروع ہوگی کراچی انتظامیہ نے انتظامات مکمل کر لئے ہیں محکمہ صحت اور انتظامیہ نے مل کر جامع منصوبہ بندی کی ہے ۔ کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت ان کے دفتر میں تمام ڈپٹی کمشنرز ،ہیلتھ افسران اور ای او سی کے افسران کے منعقدہ اجلاس میں مہم کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔کو آرڈی نیٹر ای او سی (ایمرجنسی آپریشن سینٹر )شہزاد گل ،تمام ڈپٹی کمشنرز اور ہیلتھ افسران نے ویڈیو لنک پر شرکت کی اور کمشنر کراچی کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں کمشنر ٹاسک فورس کے کو آرڈی نیٹر سعود یعقوب نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی ۔کمشنر کو بتایا گیا کہ عالمی اداروں کے تعاون سے کام کیا جارہا ہے مہم پیر 2 فروری سے شروع ہوگی 8فروری تک جاری رہے گی اس دوران 21 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے ۔ 22ہزار سے زائد پولیوورکرز فرائض اانجام دیں گے ۔2ہزار 7سو سے زائد ایریا انچارجز اور 267 یو سی میڈیکل افسران فرائض انجام دیں گے ۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ مہم سات ہزار سے زائد سیکورٹی اہلکار فرائض انجام دیں گے کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا ہے کہ کراچی انتظامیہ نے مہم پر موثر عملدرآمد اور مقررہ ہدف کے حصول کے لیے ای او سی محکمہ صحت اور یونیسف اور دیگر عالمی اداروں کے ساتھ مل کر منصوبہ بندی کی ہے ۔ سو فیصد کوریج حاصل کرنے کا ہدف حاصل کرنے کے لیے ہر ممکنہ کوشش کی جارہی ہے ۔فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام ادارے مربوط طور پر کام کریں گے پولیو ورکرز کے کردار کو موثر بنانے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لئے مختلف اقدامات کئے گئے ہیں اجلا س میں مائکرو پلان میں پولیو ورکرز کے کردار کو موثر بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ۔ بتا یا گیا کہ پولیو ورکرز کی خصوصی تربیت کا کام مکمل کر لیا گیا ہے ۔ فیصلہ کیا گیا کہ پولیو ورکرز کے کردار کو موثر بنانے کے لئے خصوصی حکمت عملی تیار کی گئی ہے اسسٹنٹ کمشنرز اپنے اپنے سب ڈویژن میں مہم کی نگرانی کریں گے وہ پولیو ورکرز اور ایریا انچارجز کی رہنمائی کریں گے ایریا ا ن چارجز والدین، کمیونٹی کے ساتھ شراکت داری کو یقینی بنانے کے لیے انتظامات کریں گے واضح رہے اس سلسلہ میں حال ہی میں ای او سی کے تعاون سے پولیو ورکرز اور ایریا انچارجز کا تربیتی پروگرام سچل گوٹھ سہراب گوٹھ ٹاؤن میں منعقد کیا گیا تھا۔