شب برأت آج مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائیگی
عبادات اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام،فرزندانِ اسلام نفلی روزہ رکھیں گےمرحومین کے ایصال ثواب کیلئے قبرستانوں میں حاضری،کیمپ لگائے جائینگے
کراچی (این این آئی)جماعت اہلسنّت پاکستان کے تحت ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی ماہ ِ شعبان کی پندرہویں شب بمطابق 3 فروری منگل کو (شب برأت )نہایت عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائے گی ۔ اللہ تعا لی کے حضو ر گنا ہوں سے تو بہ ، بخشش و مغفر ت ،ایما ن و سلامتی ،رزق کی کشادگی ، آفات و بلیات ،مصیبت ،محتا جی ،تنگ دستی ، طبی وباء سے صحت و عا فیت ،عالم اسلام، فلسطین کے مظلوم مسلمانوں اور پاکستان کی ترقی و استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کی جا ئیں گی۔شہر بھر کی مساجد میں بعد نماز مغرب چھ خصوصی نوافل اداکئے جائیں گے ۔بعد عشا ء عبا دات الہی،توبہ استغفا ر، شب بیداری مساجد میں علمائے کرام شب برأت کے فضائل بیان کریں گے۔
صلوٰۃ التسبیح، محافل ذکر و نعت،درود شریف اور خصوصی دعاؤں کااہتمام کیا جائے گا۔ عوام مرحومین کے ایصال ثواب اور زیارت قبور کیلئے قبرستان جائیں گے ۔ فرزندان اسلام نفلی روزہ بھی رکھیں گے جبکہ شہر کے مختلف قبرستانوں کے باہر جماعت اہلسنّت کراچی کے زیر اہتمام استقبالیہ،پانی مشروب کے کیمپ بھی لگائے جائیں گے ۔شب برات کے مرکزی اجتماع سے بعد نماز مغرب میمن مسجد مصلح الدین گارڈن میں علامہ سید شاہ عبد الحق قادری خطاب فرمائیں گے ۔علماء اہلسنت نے عوام سے اپیل کی کہ نصف شعبان المعظم شب برأت کو اپنے مرحومین کی قبور پر جاکر فاتحہ خوانی مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعائیں کریں ۔