تمام ڈویژنز میں 10مراکز امتیاز قائم ہونگے ،وزیراعلیٰ

تمام ڈویژنز میں 10مراکز امتیاز قائم ہونگے ،وزیراعلیٰ

ہنرمند پروگرام کے تحت 4200سے زائد معذور افراد نے تربیت مکمل کی مراد علی شاہ کاکورنگی میں معذور افراد کی گریجویشن تقریب سے خطاب

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے معذور افراد کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہارتوں کی ترقی، تعلیم اور روزگار کے ذریعے بااختیار بنانا حکومتِ سندھ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔انہوں نے یہ بات منگل کوکورنگی میں ناؤ ڈبلیو پی ڈی پی کے مراکز میں منعقدہ معذور افراد کی گریجویشن تقریب 25-2024 سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سیکریٹری محکمہ بااختیاری برائے معذور افراد (ڈی ای پی ڈی) طحہٰ فاروقی، ناؤ ڈبلیو پی ڈی پی کے صدر امین ہاشوانی، چیف ایگزیکٹو آفیسر عمیر احمد، جنرل منیجر فاطمہ جمیل اور دیگر بھی موجود تھے ۔

وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ کے تمام ڈویژنز میں 10 مراکزِ امتیاز قائم کر رہی ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہنرمند پروگرام کے تحت 4 ہزار 200 سے زائد معذور افراد نے مہارتوں کی تربیت مکمل کی، جبکہ 1 ہزار 700 سے زائد افراد کو 22 مختلف صنعتوں میں روزگار فراہم کیا گیا ہے ۔صنفی شمولیت پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہنرمند پروگرام کے ہر تین گریجویٹس میں سے ایک خاتون معذور ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ مہارتوں کی تربیت اور روزگار کے اقدامات میں صنفی شمولیت کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے ۔مراد علی شاہ نے مزید بتایا کہ اس وقت سندھ کے پانچ خصوصی تعلیمی اسکولوں میں 500 سے زائد خصوصی بچے زیرِ تعلیم ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں