ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی یکجہتی کشمیر منایا گیا

ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی یکجہتی کشمیر منایا گیا

سیاسی وسماجی تنظیموں، سول سوسائٹی کی ریلیاں، جدوجہد کو خراج تحسین پیش کشمیری عوام سے یکجہتی، مقررین نے کشمیریوں پر مظالم کی داستانیں بیان کیں

کراچی (این این آئی)ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی یومِ یکجہتی کشمیر منایا گیا۔ عوام مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور کشمیری عوام کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کیا،اور بھارت کے مقبوصہ کشمیر میں جاری مظالم کی بھرپور انداز میں مذمت کی۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر حل کرنے کا مطالبہ لیا۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کراچی میں عالمی سطح پر کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے مختلف پروگرام اور تقاریب اور ریلیاں منعقد ہوئیں۔شہر کے مختلف علاقوں میں سیاسی مذہبی جماعتوں ۔سول سوسائٹی اور سماجی تنظیموں نے ریلیاں نکالیں جو مزار قائد اعظم اور پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئیں۔ شرکا نے مودی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ مقررین نے جدوجہد آزادی کشمیر کی داستان، اس راہ میں پیش آنے والی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ مقبوضہ وادی میں بھارتی جارحیت اور قابض فوج کے ہاتھوں کشمیریوں پر مظالم کی داستانیں بیان کیں۔ شرکا نے اپنے خطاب میں کہا کہ 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کا دن ہمیں ان بے گناہ کشمیریوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو اپنے حقِ خودارادیت کیلئے  برسرِ پیکار ہیں۔ ہم مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، ان کی جدوجہدِ آزادی میں ہر ممکن اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے، کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے ظلم و ستم کا شکار ہیں، ان کے بنیادی انسانی حقوق سلب کیے جا رہے ہیںاور انہیں اظہارِ رائے کی آزادی تک حاصل نہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں