واٹر کارپوریشن کی خواتین ملازمین کیلئے ورکشاپ
مقصد خواتین میں صنفی آگاہی کو فروغ دینا اور محفوظ ماحول یقینی بنانا تھامعاشرے کی ترقی کا انحصارخواتین کے احترام اور تحفظ پر ہوتا ہے ،سی ای او
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے جینڈر سیل کے زیرِ اہتمام خواتین افسران و ملازمین کے لیے ایک اہم اور تاریخی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد خواتین میں صنفی آگاہی کو فروغ دینا اور ادارے میں محفوظ، مثبت اور امتیاز سے پاک کام کے ماحول کو یقینی بنانا تھا۔ ورکشاپ کا انعقاد ’’مساوات، شمولیت اور محفوظ کام کی جگہ‘‘ کے عنوان سے سال 2026 کے تناظر میں کیا گیا۔ورکشاپ کے مہمانِ خصوصی سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی تھے ۔ اس موقع پر سی ایچ آر او نیئر، سی سی او حارث سرفراز، سی آئی ٹی او سادات انور، انچارج جینڈر سیل مریم امجد اور کمیونیکیشن ماہر ماہم مہر بھی موجود تھیں۔
ورکشاپ میں الٰہی بخش بھٹو، تحسین الرحمان، امین تغلق، ساجد نظام، غضنفر علی خان سمیت دیگرنے شرکت کی۔ ترجمان کے مطابق ورکشاپ کا بنیادی مقصد خواتین کو بااختیار بنانا، انہیں ہراسانی سے پاک ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانا اور ادارے میں مؤثر شکایتی نظام سے آگاہ کرنا تھا۔ اس موقع پر شرکت کرنے والی خواتین افسران و ملازمین میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او واٹر کارپوریشن نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی کا انحصار صرف سڑکوں یا انفرااسٹرکچر پر نہیں بلکہ خواتین کے احترام، عزت اور تحفظ پر ہوتا ہے ۔ خواتین کو ان کے حقوق دیے جانے سے نہ صرف ان کے گھروں بلکہ پورے معاشرے کو فائدہ پہنچتا ہے ۔