انسداد پولیو مہم جاری ، 15 لاکھ بچوں کو قطرے پلادیے گئے
88 فیصد بچوں کی ویکسی نیشن مکمل،کمشنر کا ضلع جنوبی میں ماحولیاتی تجزیے کے لیے مختلف ڈرینیج سیمپلنگ مقامات کا دورہ ڈپٹی کمشنرز رہ جانے والے بچوں کی ویکسی نیشن پر خصوصی توجہ دیں، یقینی بنائیں کہ کوئی بچہ قطروں سے محروم نہ رہے ،حسن نقوی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کمشنر کراچی آفس نے جمعہ کو چار روز کی کوریج کی تفصیل جاری کی ہے جس کے مطابق چار روز میں 88 فیصد بچوں کی ویکسی نیشن مکمل کر لی گئی ہے ۔ ابتدائی چار روز میں پندرہ لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے ہیں ۔ یہ بات جمعہ کو ماحولیاتی تجزیے کے لیے ہجرت کالونی میں ڈرینیج سیمپلنگ دورہ کے موقع پر کمشنر کراچی سید حسن نقوی کو بریفنگ میں بتائی گئی۔ کمشنر کو بتایا گیا کہ تین سال بعد پہلی بار تین نمونے نیگٹیو آئے ہیں دو شرقی میں اور ایک ضلع غربی میں نیگیٹو ہے جبکہ 6نمونے مثبت پائے گئے ہیں اور تین کے رزلٹ پینڈنگ ہیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جنوبی جاوید نبی کھوسو اور کو آرڈی نیٹر کمشنر کراچی پولیو ٹاسک فورس سعود یعقوب موجود تھے۔
کمشنر کراچی نے کہا کہ ڈرینیج سیمپلنگ مقامات کے دورہ کے موقع پر پولیو وائرس کے خاتمہ کے لیے ترجیحی اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔کمشنرکو بتایا گیا کہ ضلع شرقی میں سہراب گوٹھ، مچھر کالونی، چکورا نالہ اور راشد منہاس سے لیے جانے والے نمونوں میں سے چکورا اور راشد منہاس کے دو نمونے نیگیٹوآئے ہیں جبکہ ایک مثبت اور ایک کا رزلٹ پینڈنگ ہے ۔ضلع غربی میں خمیسو گوٹھ سے ایک نمونہ لیا گیا جو نیگیٹو ہے ۔کیماڑی ضلع میں خان کالونی اور اورنگی نالہ سے لیے جانے والے دونوں نمونے مثبت آئے ہیں ۔ کمشنر کو بتایا گیا کہ ہدف کے حصول کے لیے ضلعی انتظامیہ ای او سی اور محکمہ صحت متحرک ہیں اور مل کر کام کررہے ہیں۔
کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ رہ جانے والے اور انکار کرنے والے بچوں کی ویکسی نیشن پر خصوصی توجہ دیں۔ یقینی بنائیں کہ جاری مہم میں ہد ف پورا ہو اور کوئی بچہ حفاظتی قطروں سے محرو م نہ رہے ۔ انہوں نے کہا کہ رہ جانے والے بچوں کے والدین کے تعاون کے حصول کے لئے سوشل موبلائزر سے مدد لی جائے ۔ انہوں نے سوشل موبلائزر ز سے کہا کہ وہ رہ جانے اور انکار کرنے والے بچوں کی ویکسی نیشن کو بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔