سانحہ گل پلازہ : متاثرین کو 1200 اسٹالز لگا کر دینے کا اعلان
پولو گراؤنڈ میں بلامعاوضہ اسٹال لگانے کی اجازت ،رمضان المبارک تاجروں کا سیزن ہوتا ہے جس میں ان کی ہر ممکن مدد کریں گے ،میئر کراچیضلع غربی میں نئی سڑک اور ڈرینیج سسٹم کی تعمیر کے منصوبے کا سنگِ بنیاد ،منافقین اور حاسدین کا جواب کارکردگی سے دیا جائے گا،مرتضیٰ وہاب
کراچی(اسٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں )میئر کراچی مرتضی وہاب نے گل پلازہ کے دکانداروں کو ریلیف دینے کا اعلان کر دیا۔ترجمان کے ایم سی کے مطابق رمضان المبارک میں گل پلازہ کے متاثرین کو بلا معاوضہ 1200 اسٹالز لگا کر دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے میئر کراچی مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ پولو گراؤنڈ میں اسٹال لگانے کی اجازت دی گئی ہے ، پیپلز پارٹی، سندھ حکومت اور کے ایم سی متاثرین کے ساتھ ہے ۔مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک تاجروں کا سیزن ہوتا ہے جس میں ان کی ہر ممکن مدد کریں گے ، پیپلز پارٹی سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔علاوہ ازیں میئر کراچی نے ضلع غربی میں خواجہ اجمیر نگری چورنگی سے ڈیڈیکس روڈ منگھوپیر تک نئی سڑک اور ڈرینیج سسٹم کی تعمیر کے منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔
مرتضیٰ وہاب نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے علاقے میں ٹریفک کی روانی اور نکاسی آب کے نظام میں بہتری آئے گی، منصوبے کی تخمینی لاگت 35 کروڑ 83 لاکھ روپے سے زائد ہے جبکہ تقریباً دو کلومیٹر طویل اور 9.9 میٹر چوڑی سڑک تعمیر کی جائے گی جس کے دونوں اطراف فٹ پاتھ اور کرب بلاکس بھی نصب ہوں گے ،منصوبے میں اسٹورم واٹر ڈرینیج سسٹم کی تنصیب، مختلف مقامات پر 48 انچ قطر کی لائن کی مرمت اور پانی کی فراہمی کیلئے نئی سپلائی لائن بچھانے کا کام شامل ہے ، اس کے ساتھ سیوریج نظام کی بہتری کیلئے مین ہولز کی ریزنگ اور سیوریج لائن کی ونچنگ بھی کی جائے گی تاکہ برساتی پانی کی نکاسی مؤثر بنائی جا سکے اور شہریوں کو درپیش مسائل میں کمی آئے۔
انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر بھر میں انفرااسٹرکچر کی بہتری اور ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرنے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ شہریوں کو جدید اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آج وہ جس مقام پر کھڑے ہیں وہاں ماضی میں کبھی سڑک تعمیر نہیں کی گئی، مختلف سیاسی جماعتیں آئیں، بڑے وعدے کئے مگر عملی کام نہ ہوسکا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ کراچی کے ہر علاقے کو شارع فیصل جیسا بنایا جائے مگر بدقسمتی سے یہاں سے منتخب ہونے والے نمائندے کامیابی کے بعد واپس آ کر عوام کا حال نہیں پوچھتے ۔انہوں نے کہا کہ منافقین اور حاسدین کا جواب کارکردگی سے دیا جائے گا اور یہ سال کراچی کی ترقی کا سال ثابت ہوگا۔