وزیر خوراک نے گندم بوریاں چوری، ملاوٹ کی تصدیق کردی

وزیر خوراک نے گندم بوریاں چوری، ملاوٹ کی تصدیق کردی

شکایات ملی ہیں، متعدد افسران کیخلاف کارروائی بھی کی گئی، مخدوم محبوب الزماںکیسز نیب، اینٹی کرپشن بھیجے جا رہے ، سکھر میں ریجنل ٹیسٹنگ فوڈ لیب کا افتتاح

سکھر (بیورو رپورٹ)وزیر خوراک مخدوم محبوب الزماں نے سندھ میں گندم کی بوریوں کی چوری اور ملاوٹ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں گندم کی چوری کی شکایات ملی ہیں، جن پر متعدد افسران کے خلاف کارروائی کی گئی، اور ان کے کیسز نیب اور اینٹی کرپشن کو بھیجے جارہے ہیں۔ ریجنل ٹیسٹنگ فوڈ لیب کی افتتاحی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں گندم وافر مقدار میں موجود ہے اور ہم سندھ کے عوام کو سبسڈی پرسستا آٹا فراہم کررہے ہیں، 84 ارب روپے کی سبسڈی پر فلور ملز اور آٹا چکیوں کو گندم فراہم کررہے ہیں، ہم نے ٹریڈرز کے لائسنس بھی منسوخ کردئیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں گندم کی قیمت دوسرے صوبوں کے مقابلے میں کم ہے ہم عوام کو معیاری آٹا صحیح ریٹ پر فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، میڈیا بھی مثبت رپورٹنگ کرے ، انہوں نے کہا کہ سندھ میں کھانے پینے کی اشیائمیں ملاوٹ کرنے والوں کو نہیں بخشا جائے گا اور انہیں سزا دی جائے گی تاہم ہم کسی کا مستقل بزنس بند نہیں کرسکتے ، ان کا کہنا تھا کہ سکھر میں لیب کا قیام عوام کو معیاری اشیا کی فراہمی کے لیے قائم کیا گیا ہے ، سکھر ڈویژن کی اہمیت ہے اس لیے اس کو نظر انداز نہیں کرسکتے ۔ اسی طرح کی لیبس لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد اور میرپور خاص ڈویژن میں بھی قائم کی جائیں گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں