محکمہ انسانی حقوق اور این سی اے آگاہی کیلئے تعاون پر متفق

محکمہ انسانی حقوق اور این سی اے آگاہی کیلئے تعاون پر متفق

آغا فخر حسین کی وفد کومحکمہ انسانی حقوق کے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ وفد نے صوبے میں انسانی حقوق کے فروغ کے لیے محکمے کے فعال کردار کو سراہا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)انسانی حقوق اور ترقیاتی اقدامات پر ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس محکمہ انسانی حقوق، حکومت سندھ میں منعقد ہوا جس میں نارویجن چرچ ایڈ (این سی اے ) پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر اسٹیفن کینٹ اور ان کے وفد نے شرکت کی۔اجلاس کی صدارت آغا فخر حسین ڈائریکٹر محکمہ انسانی حقوق حکومت سندھ نے کی۔ انہوں نے محکمہ انسانی حقوق کے مینڈیٹ، فرائض اور جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی جن کا مقصد صوبے بھر میں انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کو مضبوط بنانا ہے ۔سندھ کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن کی چیئرپرسن ایڈووکیٹ روبینہ بروہی نے خواتین کے حقوق، صنفی مساوات اور سندھ میں خواتین کے تحفظ کے لیے کمیشن کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔سول سوسائٹی سپورٹ پروگرام (سی ایس ایس پی) کی نمائندگی کرتے ہوئے عبدالوحید سانگراسی نے سندھ میں این سی اے کے تعاون سے جاری منصوبوں کی تفصیلات پیش کیں۔

جن میں انسانی ہمدردی کی امداد، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے ، کمیونٹی کی مضبوطی اور سماجی انصاف کے اقدامات شامل ہیں۔اجلاس میں دونوں فریقین نے انسانی حقوق کے محافظوں کی تربیت اور استعداد کار بڑھانے کے پروگراموں میں تعاون مزید مضبوط بنانے اور خاص طور پر ان اضلاع میں انسانی حقوق کے نفاذ کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا جہاں این سی اے کے تعاون سے منصوبے جاری ہیں۔وفد نے محکمہ انسانی حقوق، حکومت سندھ کی مجموعی کارکردگی کو سراہا اور صوبے میں انسانی حقوق کے فروغ کے لیے اس کے فعال کردار کو تسلیم کیا۔اجلاس کے اختتام پر مہمانوں کو سندھ کے روایتی اجرک کے تحائف پیش کیے گئے جبکہ اسٹیفن کینٹ کو سندھ میں انسانی حقوق اور جامع ترقی کے فروغ میں نارویجن چرچ ایڈ کی خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں