مختلف علاقوں میں آتشزدگی کے 6 واقعات رپورٹ
مکانات، میڈیکل اسٹور ، بجلی کے تاروں میں لگنے والی آگ کو بجھادیا گیا آتشزدگی واقعات میں کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا،محکمہ فائربریگیڈ
کراچی (این این آئی)شہر قائد میں ہفتہ کے روز صبح سے سہ پہر تک آتشزدگی کے 6 مختلف واقعات کے ایم سی فائر بریگیڈ کنٹرول روم کو موصول ہوئے ، پاپوش نگر اشرف کالونی میں ایک مکان میں آتشزدگی کی اطلاع موصول ہونے پر کے ایم سی فائر بریگیڈ ناظم آباد اسٹیشن کی گاڑیاں نے موقع پر پہنچیں اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔ خداداد کالونی گلی نمبر 10 میں واقع میڈیکل اسٹور میں آتشزدگی کے واقعے پر کے ایم سی صدر فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا، ملیر اسٹیشن کے قریب مکان میں آتشزدگی کی اطلاع پر کے ایم سی فائر اسٹیشن گلستان جوہر عملہ نے موقع پر پہنچا اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ آگ پر قابو پایا۔
محمود آباد ٹی پی ٹو کے علاقے میں ماشااللہ اسٹور ، فلیٹ میں آتشزدگی کے واقعے پر کے ایم سی منظور کالونی فائر بریگیڈ نے بروقت رسپانس دیتے ہوئے آگ بجھا دی۔ لیاقت آباد گجر نالہ پٹرول پمپ کے قریب آتشزدگی کی اطلاع پر کے ایم سی ناظم آباد فائر اسٹیشن کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو قابو میں کیا۔ کے ایم سی گراؤنڈ میں بجلی کے تاروں میں آتشزدگی کے واقعے پر کے ایم سی ہیڈکوارٹر فائر بریگیڈ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔ کے ایم سی فائر بریگیڈ کے مطابق کراچی میں آتشزدگی واقعات میں کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔