رمضان المبارک کے دوران پانی کی فراہمی کا نظام مستحکم بنانے کا اقدام

رمضان المبارک کے دوران پانی کی فراہمی کا نظام مستحکم بنانے کا اقدام

مرکزی لائن میں موجود رساؤ ختم کرنے کا فیصلہ ،کل سے مرمتی کام کا آغاز،دورانیہ 96گھنٹے مقرر

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے رمضان المبارک کے دوران شہر میں پانی کی فراہمی کے نظام کو مستحکم اور بہتر بنانے کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے شہر کی مرکزی پانی کی لائن میں موجود رساؤ ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ترجمان واٹر کارپوریشن نے بتایا کہ گلشنِ اقبال بلاک 19 میں واقع فیز ون کی مرکزی 84 انچ قطر کی پانی کی لائن میں رساؤ کی نشاندہی کے بعد مرمت اور بحالی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لائن میں موجود تمام لیکیجز کو ختم کرنے کے لیے پیر کی دوپہر 12 بجے مرمتی کام کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا، لائن کی مرمت کا مجموعی دورانیہ 96 گھنٹے مقرر کیا گیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ مرمتی کام کے باعث شہر کو یومیہ تقریباً 200 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑے گا، تاہم حب، گھارو سمیت دیگر پمپنگ اسٹیشنز سے پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری رہے گی۔ کراچی کو مجموعی طور پر یومیہ تقریباً 650 ملین گیلن پانی فراہم کیا جاتا ہے ۔مرمتی کام کے باعث لانڈھی، کورنگی، ملیر، شاہ فیصل، گلشن، جناح، چنیسر، صدر، لیاری اور کلفٹن کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر رہنے کا امکان ہے ، اس کے علاوہ مرمت کے دوران لانڈھی اور شیرپاؤ ہائیڈرنٹس بھی عارضی طور پر بند رہیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں