ڈیفنس پولیس کی کارروائی ،گھریلو ناچاقی پر بیوی کو قتل کرنے کا ملزم گرفتار

ڈیفنس پولیس کی کارروائی ،گھریلو ناچاقی پر بیوی کو قتل کرنے کا ملزم گرفتار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈیفنس پولیس نے جدید تکنیکی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے خاتون کے قتل میں ملوث نامزد ملزم کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق عشنا کو اس کے شوہر قیوم ولد محبوب نے 25 دسمبر 2025 کو گھریلو جھگڑے کے دوران قتل کیا تھا۔ قتل کے بعد ملزم مقتولہ کی لاش کو اپنے گاؤں لے گیا، جہاں اس کی تدفین بھی کر دی گئی۔ غسل کے دوران مقتولہ کے چہرے پر مشتبہ نشانات دیکھے گئے ، جس پر اہلِ خانہ کو شبہ ہوا۔ بعد ازاں اہلِ خانہ کراچی واپس آئے اور جب ملزم سے واقعے کے بارے میں پوچھ گچھ کی گئی تو وہ کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔ اسی دوران ملزم گاؤں جانے کا بہانہ بنا کر روپوش ہو گیا،واقعے کا مقدمہ درج ہونے کے بعد ڈیفنس پولیس نے جدید تکنیکی ذرائع اور مسلسل کوششوں کے ذریعے ملزم کو ٹریس کیا اور گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے ابتدائی بیان میں اعتراف کیا ہے کہ اس نے گھریلو جھگڑے کے دوران اپنی اہلیہ کو چھری کے وار سے قتل کیا۔پولیس نے بتایا کہ ملزم کو مقدمہ میں باقاعدہ گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس سے مزید تفتیش جاری ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں