دھابیجی میں لائن پھٹنے سے لاکھوں گیلن پانی ضائع
بڑا علاقہ زیرآب ،واٹرکارپوریشن کے عملے نے متاثرہ لائن کی مرمت شروع کردیبیک پریشر کے باعث لائن پھٹنے سے 100 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا رہے گا
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)دھابیجی میں پانی کے بیک پریشر سے 72 انچ قطر کی پائپ لائن نمبر 5 ایک بار پھر پھٹ گئی ۔لائن پھٹنے سے لاکھوں گیلن پانی ضائع ہوگیا اور بڑا علاقہ زیرآب آگیا۔ واٹر کارپوریشن کے عملے نے متاثرہ لائن کا والو بند کرکے مرمت کاکام ہنگامی بنیاد پر شروع کردیا ہے۔ واٹرکارپوریشن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لائن کی مرمت میں 24 گھنٹے کا وقت لگے گا جسکے باعث کراچی کو 100 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا رہے گا۔واضح رہے کہ چار روز قبل بھی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاؤن سے 2 لائنیں لائن نمبر5 اور لائن نمبر2 پھٹ گئی تھی۔سال 2025 کے اختتام اور 2026 کے اوائل میں بجلی بریک ڈاؤن اور تکنیکی خرابیوں نے پانی کی فراہمی کے نظام کو بری طرح متاثر کیا، جس کے نتیجے میں پمپنگ اسٹیشنوں پر شدید پریشر کے باعث پانی کی اہم پائپ لائنیں پھٹ گئیں۔ گزشتہ سال نومبر میں کے تھری پمپنگ اسٹیشن پر مسلسل بجلی کے بریک ڈاؤن اور کیبل فالٹ کے باعث تقریباً 41 گھنٹوں تک پانی کی فراہمی متاثر رہی۔ 17 سے 20 نومبر کے درمیان بار بار بجلی کی معطلی سے نظام شدید متاثر ہوا۔ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بھی 5، 11، 13، اور 15 نومبر کو کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی معطلی کے باعث پانی کی فراہمی میں خلل پڑا۔فروری 2026 دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاؤن کے بعد 72 انچ قطر کی دو بڑی پائپ لائنیں پریشر بڑھنے کے باعث پھٹ گئیں، جس سے 80 ملین گیلن پانی کی یومیہ فراہمی معطل ہوئی۔