ریگیولیٹری اتھارٹی کا اجلاس، پروکیورمنٹ اصلاحات پر غور

ریگیولیٹری اتھارٹی کا اجلاس، پروکیورمنٹ اصلاحات پر غور

ای پروکیورمنٹ سے بدعنوانی کا خاتمہ،گڈ گورننس اولین ترجیح ، ضیاء الحسن لنجار قوانین پر عملدرآمد میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، چیئرمین بورڈ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (ایس پی پی آر اے )کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 46واں اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت صوبائی وزیر قانون و داخلہ اور چیئرمین ایس پی پی آر اے بورڈ ضیاء الحسن لنجار نے کی۔اجلاس میں صوبے میں سرکاری پروکیورمنٹ کے مجموعی نظام، پالیسی اصلاحات، ادارہ جاتی شفافیت اور مالی نظم و ضبط سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران پروکیورمنٹ کے موجودہ طریقہ کار کو مزید شفاف، مؤثر اور جوابدہ بنانے کے لیے مختلف تجاویز اور اقدامات پر غور کیا گیا۔اس موقع پر ضیاء الحسن لنجارنے کہا کہ شفاف، مؤثر اور جوابدہ پروکیورمنٹ سسٹم ہی گڈ گورننس کی بنیاد ہے جبکہ پروکیورمنٹ کے تمام مراحل کو قانون اور قواعد کے مطابق چلانا حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ای پروکیورمنٹ اور ڈیجیٹل اصلاحات کے ذریعے نہ صرف بدعنوانی کے امکانات کم ہوں گے بلکہ نظام میں شفافیت اور اعتماد میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔ چیئرمین ایس پی پی آر اے بورڈ نے اس بات پر زور دیا کہ سرکاری وسائل کا درست، بروقت اور ذمہ دارانہ استعمال ناگزیر ہے اور پروکیورمنٹ قوانین پر عملدرآمد میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں ممبران صوبائی اسمبلی اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کے علاوہ اہم شخصیات نے شرکت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں