صادقین کی 39 ویں برسی کی مناسبت سے آرٹ نمائش

صادقین کی 39 ویں برسی کی مناسبت سے آرٹ نمائش

آرٹس کونسل المنائز سمیت مختلف مصوروں کے 27 فن پارے آویزاں کیے گئے مصوروں کے فن کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ،وزیرثقافت ذوالفقار علی شاہ

کراچی(این این آئی)آرٹس کونسل کی فائن آرٹ کمیٹی کے زیرِ اہتمام پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ مصور صادقین کی 39ویں برسی کی مناسبت سے آرٹ نمائش ’’روشِ قلندر‘‘ کا انعقاد احمد پرویز آرٹ گیلری میں کیا گیا۔نمائش کا افتتاح صوبائی وزیرِ ثقافت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ نے صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کے ہمراہ کیا۔نمائش میں آرٹس کونسل آرٹ اسکول المنائز سمیت پاکستان کے مختلف مصوروں کے 27 فن پارے آویزاں کیے گئے ۔اس موقع پر صوبائی وزیرِ ثقافت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہآج ہم صادقین کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے یہاں جمع ہوئے ہیں، جس میں پاکستان بھر کے آرٹسٹوں نے شرکت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فنکاروں نے صادقین کے مشہور فن پاروں کو اپنے کام میں ڈھالا ہوا ہے۔ صادقین کے فن پارے پوری دنیا میں مشہور ہیں اور ان کے کئی کام انتہائی نایاب ہیں جو اب دستیاب نہیں رہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ صادقین سمیت ملک کے مختلف مصوروں کے فن کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان کا نام روشن ہو۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ہمارے نامور فنکاروں کے کام سے سیکھیں، کیونکہ پاکستانی آرٹسٹوں نے ہمیشہ اپنے فن کے ذریعے ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کیا ہے ۔ آرٹس کونسل آف پاکستان میں آرٹ نمائشوں کا سلسلہ جاری رہتا ہے ، جس سے نوجوان فنکاروں کو ایک مو ثر پلیٹ فارم فراہم ہوتا ہے ۔ صادقین کا زیادہ تر کام دیواروں پر مشتمل تھا اور آج بھی مصوری کی دنیا میں ان کا نام نمایاں مقام رکھتا ہے ۔ صوبائی وزیر نے اعلان کیا کہ صادقین کے نام سے ایک کانفرنس منعقد کی جائے گی اور ایک مستقل گیلری بھی قائم کی جائے گی۔ واضح رہے کہ نمائش 17 فروری تک جاری رہے گی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں