پختون آباد میں اسپورٹس گراؤنڈ ،فیملی پارک کا سنگ بنیاد

 پختون آباد میں اسپورٹس گراؤنڈ ،فیملی پارک کا سنگ بنیاد

کیپٹن کرنل شیر خان گراؤنڈ 14 ہزار اسکوائر یارڈ پر بنے گا،جدید سہولتیں شامل لاگت18کروڑ سے زائد،خالی زمین کو قبضہ مافیا سے بچا کر تفریح گاہ بنا رہے ،میئر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع غربی میں منگھوپیر ٹاؤن کے علاقے پختون آباد میں کیپٹن کرنل شیر خان اسپورٹس گراؤنڈ اور فیملی پارک کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے پر مجموعی لاگت 186.994 ملین روپے آئے گی جس میں سول و آرکیٹیکچر ورک پر 82.54 ملین روپے اور لینڈ اسکیپنگ کیلئے 26.73 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں، الیکٹری فکیشن ورک کیلئے 45.98 ملین روپے جبکہ انجینئرنگ سہولیات کیلئے 12.29 ملین روپے خرچ ہونگے ،انڈر گراؤنڈ و واٹر سپلائی پر 2.18 ملین روپے لاگت آئے گی جبکہ پبلک ہیلتھ اور پلمبنگ ورک بھی منصوبے کا حصہ ہیں۔

میئر نے کہاکہ اسپورٹس گراؤنڈ 14,730 اسکوائر یارڈ رقبے پر مشتمل ہوگا جہاں فٹبال اور کرکٹ کیلئے علیحدہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔منصوبے میں 8فٹ چوڑا جاگنگ ٹریک، شجرکاری، باؤنڈری وال اور مین گیٹ کی تعمیرِ نو، نئے پویلین کی تعمیر اور پارکنگ کی سہولت بھی شامل ہے جبکہ موٹر سائیکل اور گاڑیوں کیلئے وسیع پارکنگ ایریا مختص کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ فیملی پارک تقریباً 2705 اسکوائر یارڈ رقبے پر قائم کیا جائے گا جہاں جاگنگ ٹریک، گرین ایریاز، گزیبو، بیٹھنے کی بنچز اور بچوں کے کھیلنے کا ایریا بنایا جائے گا۔میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پختون آباد میں یہ گراؤنڈ چائنہ کٹنگ اور قبضہ مافیا سے بچ گیا تھا تاہم یہاں کھیلوں کی سہولیات نہ ہونے کے باعث نوجوان محروم تھے اور گراؤنڈ خالی ہونے کی وجہ سے اس پر قبضے کا خدشہ بھی موجود تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں