فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پرعمارتوں کو سیل کرنیکا فیصلہ

فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پرعمارتوں کو سیل کرنیکا فیصلہ

چیف سیکریٹری سندھ کی زیرصدارت اجلاس،فائر سیفٹی مہم پر تفصیلی بریفنگ عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ،آصف حیدر شاہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی ہائی رسک عمارتوں کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس حوالے سے چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت سندھ بھر میں فائر سیفٹی سے متعلق اہم اجلاس ہواجس ۔ اجلاس میں صوبہ بھر میں جاری فائر سیفٹی مہم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے بھر میں مجموعی طور پر3633عمارتوں کی نشاندہی کر کے ان کا معائنہ کیا گیا۔ ان میں سے 3319 کمرشل اور رہائشی عمارتوں کو فائر سیفٹی کی مختلف خامیوں اور مقررہ ضوابط کی عدم تعمیل پر نوٹسز جاری کیے گئے ۔ خطرات کے جائزے کے مطابق 889 عمارتوں کو سنگین نوعیت کی خلاف ورزیوں اور بنیادی فائر سیفٹی انتظامات کی عدم موجودگی کے باعث ہائی رسک قرار دیا گیا۔ مزید برآں 916 عمارتوں کو میڈیم رسک کیٹیگری میں رکھا گیا جنہیں مقررہ مدت میں اصلاحی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ 912 عمارتوں کو لو رسک قرار دیتے ہوئے معمولی بہتری کی سفارش کی گئی۔ ہائی رسک عمارتوں کے بارے میں چیف سیکریٹری نے فوری عملدرآمد کیلئے واضح اور حتمی ٹائم لائن مقرر کرنے کی ہدایت کی اور غیر تعمیل کرنے والی عمارتوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جہاں ضروری ہو وہاں عمارتوں کو سیل کیا جائے ۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ عوامی جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں