میٹرک امتحانات30مارچ ، انٹر کا 15اپریل سے ہوگا
تعلیمی سال یکم اپریل سے شروع کرنیکی منظوری،تعطیلات جون تا جولائیوزیر تعلیم کی زیر صدارت اجلاس، نویں کے داخلے یکم مارچ سے ہونگے
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی سمیت سندھ بھر میں میٹرک کے امتحانات30مارچ سے لیے جائینگے جبکہ انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کا آغاز 15 اپریل سے ہوگا۔اس بات کی منظوری جمعرات کو محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے منعقدہ اجلاس میں دی گئی جو وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیر بورڈز اسماعیل راہو، سیکریٹری اسکول و کالجز، مختلف تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز اور نجی اسکولوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران تعلیمی سال 2026 کے کیلنڈر، امتحانی شیڈول اور تعطیلات کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا۔فیصلوں کے مطابق سندھ کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں نیا تعلیمی سال یکم اپریل سے شروع ہوگا، جبکہ سرکاری و نجی کالجز میں نیا تعلیمی سال یکم اگست سے شروع کیا جائے گا۔نویں جماعت میں داخلوں کا آغاز یکم مارچ سے ہوگا اور یہ عمل 31 مارچ تک جاری رہے گا۔ کالجز میں داخلے یکم جون سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔اسٹیرنگ کمیٹی کے مطابق رواں سال میٹرک کے امتحانات 30 مارچ سے 15 اپریل تک منعقد ہوں گے ، جبکہ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کا آغاز 15 اپریل سے ہوگا۔مزید برآں، موسم گرما کی تعطیلات یکم جون سے 31 جولائی تک جبکہ موسم سرما کی تعطیلات 21 دسمبر سے 31 دسمبر تک ہوں گی۔واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت پورے سندھ میں موسم سرما کی شدت جنوری میں ہوتی ہے اور اسی وجہ سے اسکولوں کے اوقات کار بھی تبدیل کرنے پڑے تھے ۔