ڈپٹی کمشنرز شہر میں صفائی کی صورتحال بہتر بنائیں، کمشنر

 ڈپٹی کمشنرز شہر میں صفائی کی صورتحال بہتر بنائیں، کمشنر

اجلاس میں سوئپنگ کارکردگی بہتر بنانے کا فیصلہ، شکایت پرانچارج وضاحت دیگا شہریوں کو صفائی نظر آنی چاہئے ، سید حسن نقوی کی سالڈ ویسٹ بورڈ کو ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر )کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی کے افسران کااجلاس ہوا جس میں صفائی کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ شہر میں صفائی کی صورتحال بہتر بنائیں اور سالڈ ویسٹ بورڈ کوتعاون فراہم کریں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سوئپنگ کارکردگی بہتر بنائی جائیگی، کام کے اوقات پر سختی سے عمل کرایا جائے گا ، جن علاقوں میں صفائی کی شکایت ہوگی، متعلقہ انچارج وضاحت دیگا۔ سالڈ ویسٹ بورڈ سے کہا گیا کہ شہریوں کو صفائی نظر آنی چاہئے ۔ ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک پر شرکت کی۔ انہوں نے اجلاس کو اپنے ضلع میں صفائی کی صورتحال پرتفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس نے کم عمر بچوں سے صفائی کے کام کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے افسران کو پابند کیا گیا کہ وہ ملازمت میں عمر کی حد پر سختی سے عمل کریں۔ بورڈ افسران ملازمت کی مقررہ حد، مقررہ کم از کم تنخواہ کے قانون پر سختی عمل کرائینگے ۔ اجلاس میں شاہراہوں پر شہریوں کیلئے تکلیف کا باعث بننے والی کچرا کنڈیوں کے خاتمے ، منتقلی کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ۔کمشنر کو بتایا گیا کہ چھوٹی بڑی تین ہزار کنڈیوں میں سے 2500کنڈیاں ختم کر دی گئیں۔اجلاس میں منیجنگ ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق نظامانی نے کمشنر کو سویپنگ کارکردگی، گاربیج ٹرانسفر اسٹیشنز کے قیام اور لینڈ فل سائٹس پر ری سائیکلنگ یونٹس منصوبہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں