وزیر بلدیات کی زیر صدارت اجلاس، انفرا اسٹرکچر منصوبوں کاجائزہ

وزیر بلدیات کی زیر صدارت اجلاس، انفرا اسٹرکچر منصوبوں کاجائزہ

رفتار بڑھانے کی ہدایات، 173 شاہراہوں کی تعمیر وبحالی مرحلہ وار ہوگی، بریفنگنئے ٹریفک سگنل، سائن بورڈ نصب، تکمیل مقررہ وقت میں ممکن بنائی جائے ، ناصر شاہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت کراچی کی جاری اور مجوزہ اسکیموں سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں میئر  مرتضیٰ وہاب، ایڈیشنل چیف سیکریٹری وسیم شمشاد، کمشنر  حسن نقوی، چیئرمین سی ایم آئی ٹی بلال احمد میمن اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہر کی انفرااسٹرکچر بہتری، ٹریفک مینجمنٹ، اسٹریٹ لائٹنگ اور شہری سہولیات سے متعلق منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور عملدرآمد کی رفتار تیز کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں ۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ شہر بھر میں 173 بڑی اور اہم شاہراہوں کی تعمیر و بحالی کا کام مرحلہ وار شروع کیا جائے گا۔ وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ تمام منصوبوں میں معیاری میٹریل کے استعمال اور مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنایا جائے ۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور مرمت پرفوری کام شروع کیا جا رہا ہے جبکہ توانائی کے متبادل ذرائع کو فروغ دینے کیلئے مختلف شاہراہوں پر سولر اسٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں گی۔ اجلاس میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کیلئے نئے ٹریفک سگنلز اور جدید سائن بورڈز تنصیب کی منظوری بھی دی گئی۔ وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ حادثات کے خدشات والے مقامات پرفوری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ کراچی کو ایک جدید اور منظم شہر بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائینگے اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں