خواتین کے حقوق کیلئے عورت فاؤنڈیشن کی جدوجہد لائق تحسین، آصفہ

خواتین کے حقوق کیلئے عورت فاؤنڈیشن کی جدوجہد لائق تحسین، آصفہ

بااختیار بنانے سے متعلق ہر بحث مجھے اپنی والدہ بینظیر کی یاد دلاتی ہے ، خاتون اولعورت فاؤنڈیشن کی 40ویں سالگرہ ، جدوجہد کوسراہا گیا،وزیر اعلیٰ ودیگر شریک

کراچی (اسٹاف رپورٹر)خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری نے عورت فاؤنڈیشن کی 40ویں سالگرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے حقوق کیلئے عورت فاؤنڈیشن کی خدمات لائق تحسین ہیں، خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق ہر بحث انہیں اپنی والدہ شہید بینظیر بھٹو کی یاد دلاتی ہے ، جو خواتین کے ہر شعبے میں بامعنی شرکت پر یقین رکھتی تھیں۔ عورت فاؤنڈیشن نے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے بینکوئٹ ہال میں ایک باوقار تقریب کے ذریعے اپنی 40ویں سالگرہ منائی، جس میں خواتین کی چار دہائیوں پر مشتمل جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب میں خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئیں، جبکہ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ، صوبائی وزرا، ارکان قومی وصوبائی اسمبلی، چیف سیکریٹری سندھ، سینئر سرکاری افسران، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور ملک بھر سے فاؤنڈیشن کی قیادت نے شرکت کی۔ افتتاحی کلمات میں فاؤنڈیشن کی صدر انیس ہارون نے کہا کہ 12 فروری 1986 سے قبل عوامی زندگی میں خواتین کو بہت کم شناخت حاصل تھی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ مساوات کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواستیں دائر کرنے پر خواتین پر لاٹھی چارج کیا گیا، انہیں قید کیا گیا، مگر وہ ثابت قدم رہیں۔تقریب کے دوران خاتونِ اول آصفہ زرداری نے فاؤنڈیشن کی 40 سالہ جدوجہد پر مبنی کتاب کی رونمائی کی اور ایک دستاویزی فلم کا افتتاح کیا۔ وزیر اعلیٰ نے عورت فاؤنڈیشن کیلئے 5 کروڑ کی گرانٹ کا اعلان کرتے ہوئے خواتین کو بااختیار بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں