ملزم ارمغان کو ذہنی مریض قرار دینے کی کوشش
والدہ کی بیٹے کے نفسیاتی معائنے اور میڈیکل بورڈ کی تشکیل کیلئے درخواست مصطفی عامر قتل کیس میں دائردرخواست پر فریقین سے دلائل طلب کرلیے گئے
کراچی (این این آئی)مصطفی عامر قتل کیس کی سماعت کے دوران ملزم ارمغان کی والدہ کی جانب سے اپنے بیٹے کے نفسیاتی معائنے اور میڈیکل بورڈ کی تشکیل کے لیے نئی درخواست دائر کر دی گئی ہے ۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اس درخواست پر فریقین سے دلائل طلب کر لیے ہیں۔مدعی کے وکیل بیرسٹر افتخار شاہ نے درخواست کی سخت مخالفت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ملزم ارمغان کو نفسیاتی مریض قرار دے کر ٹرائل سے بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔مدعی کے وکیل نے انکشاف کیا کہ ملزم کے خلاف پہلے بھی متعدد مقدمات درج ہیں لیکن کبھی ایسی کوئی درخواست نہیں دی گئی لیکن ملزم کی ذہنی حالت سے متعلق اب تک کوئی طبی ریکارڈ پیش نہیں کیا گیا۔
ایف آئی اے کی حراست کے دوران ماہر نفسیات نے معائنے کے بعد ارمغان کو مکمل طور پر \"نارمل قرار دیا تھا۔عدالت نے ملزمان ارمغان اور شیراز کو آئندہ سماعت پر پیش کرنے کے لیے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیے ہیں، جہاں ان پر فردِ جرم عائد ہونے کا امکان ہے ، دوسری جانب وکیل صفائی نے موقف اپنایا کہ فردِ جرم سے قبل مقدمے کی تمام نقول اور دستاویزات کی فراہمی قانونی طور پر لازمی ہے جو تاحال فراہم نہیں کی گئیں۔انسداد دہشت گردی عدالت نے پراسیکیوشن سے جواب طلب کرتے ہوئے شریک ملزم شیراز کی درخواست ضمانت پر بھی دلائل طلب کر لیے ہیں۔ کیس کی مزید سماعت 19 فروری تک ملتوی کر دی گئی ہے ۔