دھابیجی اسٹیشن پر بجلی بریک ڈاؤن،پانی کا بحران سنگین
تین پمپ بند، رمضان سے قبل متعدد علاقوں کو سپلائی ایک بار پھر معطلواٹر کارپوریشن اور کے الیکٹرک میں رابطے ،فراہمی مرحلہ وار بحال ہوگی
کراچی (اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)ماہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی پانی کے بحران نے پھر سر اٹھا لیا ہے ، دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاؤن کے نتیجے میں شہر قائد کو پانی کی فراہمی ایک بار پھر متاثر ہوگئی۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق جمعے کو دوپہر ایک بج کر تیس منٹ پر اچانک بجلی کا بریک ڈاؤن پیش آیا جس کے نتیجے میں کے تھری پمپ ہاؤس کی بجلی منقطع ہوگئی۔ بریک ڈاؤن کے باعث کے تھری پمپ ہاؤس کے چار میں سے تین پمپ بند ہوگئے جس سے شہر کے مختلف علاقوں کو پانی کی ترسیل میں خلل پیدا ہوا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ بجلی کے اچانک بریک ڈاؤن اور کیبل فالٹ کے باعث پمپنگ آپریشن شدید متاثر ہوتا ہے جس کا براہِ راست اثر شہریوں کو پانی کی فراہمی پر پڑتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ واٹر کارپوریشن کے حکام فوری طور پر متحرک ہوگئے ہیں اور مسئلے کے جلد از جلد حل کیلئے کے الیکٹرک انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ بجلی کی فراہمی بحال کرکے پانی کی ترسیل کو معمول پر لایا جا سکے ۔ واٹر کارپوریشن صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے اور جیسے ہی بجلی مکمل طور پر بحال ہوگی، شہر میں پانی کی فراہمی مرحلہ وار بحال کر دی جائے گی۔واضح رہے کہ کراچی میں پچھلے دنوں گلشن اقبال کے علاقے شانتی نگر کے قریب واٹر کارپوریشن کی 84 انچ قطر کی مرکزی لائن لیک ہونے کی وجہ سے شہر کے بڑے حصے کو پانی کی فراہمی متاثر ہوئی۔