گلستان جوہر میں اربوں کی اراضی پر قبضہ، سروے اور کارروائی کا فیصلہ
کراچی(این این آئی)شہرقائد میں اربوں روپے مالیت کی اراضی پر قبضہ کر لیا گیاجبکہ متعلقہ ادارے سرکاری و نجی اراضی کا تحفظ کرنے میں ناکام ہیں۔
ذرائع کے مطابق گلستان جوہر میں قبضہ مافیا کی سرگرمیوں کی شکایات موصول ہوئی جس میں گلستان جوہر بلاک 1، 6 اور 13 سمیت دیگر بلاکس میں کئی ارب روپے مالیت کی بیش قیمت اراضی پر مافیا قابض ہے ۔متعلقہ افسران کی مبینہ ملی بھگت سے سرکاری و نجی اراضی پر مافیا قبضہ کرنے کیلئے سرگرم ہے جبکہ قبضہ مافیا کی جانب سے نجی اراضی پر غیر قانونی باؤنڈری وال اور دیگر تعمیرات کرکے قبضے کی کوششیں جاری ہیں۔حکام کے مطابق ڈی جی کے ڈی اے کے نے قبضہ مافیا کیخلاف کارروائی کے احکامات جاری کردیے ہیں، کے ڈی اے اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ سیل بھی گلستان جوہر میں قبضہ مافیا کیخلاف کارروائی کیلئے تیار ہیں جبکہ ان کو مختلف بلاکس کے سروے اور کارروائی کے احکامات بھی جاری کردیے گئے ہیں۔حکام کے مطابق پہلے مرحلے میں گلستان جوہر کے مختلف بلاکس کے سروے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، گلستان جوہر میں جاری تعمیرات پر نوٹس جاری کرکے مالکانہ اور دیگر قانونی دستاویزات طلب کی جائیں گی تاہم گلستان جوہر میں سروے کرکے قبضہ کی گئی اراضی کی تفصیلات اعلی حکام کو فراہم کی جائیں گی۔ گلستان جوہر کے مختلف بلاکس کا سروے مکمل ہونے پر کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔