کالج ایجوکیشن کی 24 اسکیمیں جون سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت
تمام اسکیمیں مقررہ وقت کے اندر مکمل کی جائیں بصورت دیگر متعلقہ افسران اور ٹھیکیداروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی سست روی، بہانے بازی یا سیاسی دبا ؤکا جواز قبول نہیں کیا جائے گا۔ کام کریں ورنہ گھر جائیں،سیکریٹری کالج ایجوکیشن ندیم میمن
کراچی (این این آئی)سیکریٹری کالج ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ سندھ ندیم الرحمن میمن کی زیر صدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام اے ڈی پی 2025-26 کے تحت جاری ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے بھر کی 95 جاری اور 17 نئی اسکیموں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ سیکریٹری کالج ایجوکیشن ندیم میمن نے واضح ہدایات دیتے ہوئے 24 اسکیموں کو ہر صورت جون سے پہلے مکمل کرنے اور رپورٹ جمع کرنے کی ہدایت کردی۔ اجلاس میں بدین کے بوائز ڈگری کالج کی عمارت کی تعمیر انجینئر اور پرنسپل کے تنازع کے باعث رکنے پر سیکریٹری ندیم میمن نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ ترقیاتی اسکیموں میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام اسکیمیں مقررہ وقت کے اندر مکمل کی جائیں بصورت دیگر متعلقہ افسران اور ٹھیکیداروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ سست روی، بہانے بازی یا سیاسی دبا ؤکا جواز قبول نہیں کیا جائے گا۔ کام کریں ورنہ گھر جائیں۔ حکومت فنڈز فراہم کرتی ہے اس لیے تاخیر کا کوئی جواز نہیں، فیلڈ تنازعات فوری حل کریں۔اگر متعلقہ افسر اپنا کردار ادا نہیں کرے گا تو سخت کارروائی ہوگی۔
اجلاس میں کراچی ویسٹ میں بحالی مرکز کی تکمیل آئندہ ہفتے جبکہ گھوٹکی کے ڈگری کالج دھرکی کی عمارت مئی تا جون تک مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ نئی 17 اسکیموں میں لیاری، کیماڑی،مراد میمن، مسو بھورگری، سن جامشورو، چمبڑ، دینلو تھرپارکر اور دیگر علاقوں میں کالجز کے قیام، اضافی بلاکس، آڈیٹوریم ہالز، ہاسٹلز اور سہولیات کی فراہمی شامل ہے ۔ سیکریٹری ندیم میمن نے واضح حکم دیا کہ جن اسکیموں کا ٹینڈر پراسیس مکمل نہیں ہوا اسے فوری مکمل کرکے کام کا آغاز کیا جائے ۔ تمام منصوبے بجٹ کے اندر رہتے ہوئے جلد از جلد مکمل کریں۔ اجلاس کے اختتام پر سیکریٹری کالج ایجوکیشن ندیم میمن نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ تاخیر، غفلت یا غیر سنجیدگی برداشت نہیں ہوگی۔ آئندہ اجلاس میں ہر اسکیم کی عملی پیش رفت دیکھی جائے گی اور کارکردگی کی بنیاد پر فیصلہ ہوگا۔