کمشنرنے ماہ رمضان کیلئے مختلف اشیا کی قیمتیں مقرر کردیں

کمشنرنے ماہ رمضان کیلئے مختلف اشیا کی قیمتیں مقرر کردیں

آٹا 107روپے ، بکرے کا گوشت 2200اور بچھیا 1300روپے کلو مقررسموسے کی قیمت40روپے طے ، نرخوں پر عملدرآمد انتظامیہ کے لئے چیلنج

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کمشنر کراچی نے ماہ رمضان کیلئے مختلف اشیا کی قیمتیں مقرر کر دیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق چپاتی 100 گرام کی قیمت 14 روپے مقرر کی گئی ۔ تندوری نان 120 گرام کی قیمت 18 روپے ، 140 سے 150 گرام نان کی قیمت 21 روپے اور180 گرام تندوری نان کی قیمت 27 روپے مقرر ہوئی ۔ نوٹیفکیشن کے اجرا کے بعد آٹے کی نئی قیمتوں کا ااطلاق فوری ہوگا، آٹے کی ریٹیل قیمت 107 روپے کلو جبکہ 10 کلو آٹے کا تھیلا 1070 روپے کا ہوگا۔قبل ازیں کمشنرنے دسمبر 2025 میں آٹے کی قیمت 99 روپے فی کلو مقرر کی تھی، تاہم انتظامیہ آٹے کو سرکاری قیمت پر فروخت کرانے میں اکثر ناکام رہی ۔اس وقت دکانوں پر ایک کلو آٹا 125 سے 135 روپے جبکہ چکی کے آٹے کا ریٹ عوام سے 140 سے 160 روپے فی کلو وصول کیا جارہا ہے۔

علاوہ ازیں گائے کے بغیر ہڈی والے گوشت کی فی کلو قیمت 1300 روپے جبکہ ہڈی والے گوشت کی قیمت ایک ہزارروپے کلو مقرر کی گئی ہے ۔ بچھیا کا بغیر ہڈی کا گوشت 1600 روپے اور ہڈی والا گوشت 1300روپے فی کلو میں دستیاب ہوگا۔بکرے کا گوشت 2200 روپے کلو مقرر کیا گیا ۔اے کلاس بیکری پر 60 گرام آلو کے سموسے کی قیمت 40 روپے اور اے کلاس بیکری پر 35 گرام قیمے کے سموسے کی قیمت 40 روپے مقرر کی گئی ہے ۔ بی کلاس بیکری پر آلو اور قیمے کے سموسے کی قیمت 35 روپے رکھی گئی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں