ٹریفک جام کے مسئلے نے سڑکوں پر نکلنا مشکل کردیا
گاڑیوں کی طویل قطاریں ، خواتین اور بچے بے بسی کی تصویر بنے نظر آئے ترقیاتی کاموں کے نام پر شہریوں کی زندگی اجیرن ،ٹریفک نظام درہم برہم
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)ٹریفک جام نے مسئلے نے سڑکوں پر نکلنا مشکل کردیا، ترقیاتی کاموں کے نام پر شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق شہر قائد جس کے اکثر علاقے اب کسی گنجان آباد قصبے کا منظر پیش کرتے ہیں یہاں دن بدن ٹریفک کا مسئلہ بھی بد سے بدتر ہوتا جارہا ہے ، مختلف علاقوں میں شدید ٹریفک جام سے شہری پریشان اور ترقیاتی کاموں کی رکاوٹ اور ٹوٹی سڑکوں سے عذاب میں مبتلا ہیں۔صدر، ایم اے جناح روڈ اور اولڈ سٹی ایریا کے اطراف گاڑیوں کی قطاریں نظر آئیں اور ان میں موجود خواتین اور بچے بے بسی کی تصوری بنے نظر آئے ۔فوارہ چوک، زیب النسا اسٹریٹ، میٹروپول کے اطراف ٹریفک کا دباؤ رہا، آئی آئی چندریگر روڈ، بولٹن مارکیٹ، ٹاور، ماڑی پورروڈ پر بھی ٹریفک جام رہا جبکہ شارع فیصل کے مختلف مقامات پر ٹریفک کی روانی سست روی کا شکار رہی۔
ڈیفنس، قیوم آباد کے پی ٹی برج پر بھی ٹریفک کی بدترین صورتحال درپیش رہی، ایف ٹی سی، نرسری، بلوچ کالونی کے اطراف گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔اس کے علاوہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی، حسن اسکوائر اور عیسیٰ نگری کے اطراف ٹریفک جام رہا، بنارس چوک، حبیب بینک چورنگی کے اطراف بھی ٹریفک کے دباؤ نے شہریوں کا امتحان لیا۔لیاقت آباد، تین ہٹی، جہانگیر روڈ پر ٹریفک کی روانی سست روی کا شکار رہی اور منٹوں کا فاصلہ بھی کافی دیر میں طے ہوا، ٹریفک جام کے باعث دفاتر سے گھر جانے والے شہریوں کو بالخصوص مشکلات کا سامنا رہا۔