قانون کی حکمرانی کے بغیر ترقی ممکن نہیں، گورنر
جھوٹ اور بے ایمانی معاشرے میں سرایت کر چکے جو لمحہ فکریہ ہےذیبو ل کے کانووکیشن سے خطاب،طلبہ میں میڈلز اور اسناد تقسیم کیں
کراچی (آئی این پی)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی آف لاء(ذیبول) کے دوسرے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی کمزور حکمرانی کے باعث عدالتی نظام مطلوبہ رفتار حاصل نہیں کر سکا اور یہی کمزوری معاشرتی مسائل کی اصل جڑ ہے ۔انہوں نے کہا کہ جھوٹ اور بے ایمانی معاشرے میں سرایت کر چکے ہیں اور ناجائز دولت کو بھی معیوب نہیں سمجھا جاتا، جو لمحہ فکریہ ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ اگر پاکستان کو ترقی اور معاشی استحکام کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو بے ایمانی کا خاتمہ ناگزیر ہے ۔خواتین کی تعلیم کے حوالے سے گورنر سندھ نے کہا کہ ہر کانووکیشن میں طالبات کی تعداد نمایاں ہوتی ہے ، مگر عملی زندگی میں ان کی نمائندگی کم دکھائی دیتی ہے۔
انہوں نے ماؤں سے اپیل کی کہ گولڈ میڈلسٹ بیٹیوں کو عملی میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جس دن خواتین بھرپور انداز میں قومی دھارے میں شامل ہو جائیں گی، کرپشن میں نمایاں کمی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا نے ہمیں ہر شعبے کی چمک دکھا دی ہے ، لیکن ہمیں سب سے پہلے ایک اچھا پاکستانی بننے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے بعد اب ہمیں معرکہ معیشت اور معرکہ انصاف جیتنے کے لیے متحد ہو کر آگے بڑھنا ہوگا۔تقریب کے اختتام پر گورنر سندھ نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں میڈلز اور اسناد تقسیم کیں۔