اب پیدل چلیں گے یا پھر سائیکل نکالنی پڑے گی: شہری پٹرولیم قیمتوں پر برہم
تنخواہیں نہیں بڑھتیں لیکن پٹرول روزمہنگا ہو رہا ہے ، رمضان سے پہلے حکومت نے ریلیف کی جگہ تکلیف دے دی،عوام کا شکوہ اتحادی حکومت نے اپنی شاہ خرچیوں کا بوجھ عوام پر منتقل کردیا ، آئی ایم ایف کی شرائط پر عوام کو قربان کیا جارہا ہے ،سردارعبدالرحیم
کراچی (اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) پٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر عوام حکومت پر برس پڑے اور کہا کہ رمضان سے پہلے حکومت نے ریلیف کی جگہ تکلیف دے دی،اب پیدل چلیں گے یا پھر سائیکل نکالنی پڑے گی۔تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر ملک بھر میں شدید عوامی ردِعمل سامنے آیا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ رمضان کی آمد آمد ہے ، حکومت کو چاہیے تھا عوام کو کچھ ریلیف دیں انہوں نے مزید تکلیف دے دی اور راتوں رات پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔عوام نے شکوہ کیا کہ ہماری تنخواہیں نہیں بڑھتیں لیکن پیٹرول روز روز مہنگا ہو رہا ہے ، اس مہنگائی میں گزارا کرنا اب ناممکن ہو چکا ہے۔
پٹرول اور ڈیزل مہنگا ہونے پر شہریوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب موٹر سائیکل اور گاڑیاں چلانا بس کی بات نہیں رہی، اب یا تو پیدل چلنا پڑے گا یا پرانی سائیکلیں نکالنی ہوں گی۔شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان کے مقدس مہینے میں سہولت فراہم کرنے کے بجائے عوام کی کمر نہ توڑی جائے ۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے پٹرول 5 روپے فی لٹراور ہائی اسپیڈ ڈیزل 7 روپے 32 پیسے مہنگا کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپٹ حکمرانوں نے مہنگائی کے خاتمے کے بجائے عوام پر نیا بوجھ ڈال دیا ہے۔
رمضان المبارک سے قبل پٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے کے اقدام کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے بجائے حکومت نے ماہ رمضان سے پہلے مہنگائی بڑھانے کا تحفہ دے دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت نے اپنی شاہ خرچیوں کا بوجھ عوام پر منتقل کردیا ہے ، ایندھن مہنگا ہوگا تو تمام اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگا اور اس کا براہ راست اثر غریب اور متوسط طبقے پر پڑے گا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ آئی ایم ایف کی شرائط پر عوام کو قربان کیا جارہا ہے جبکہ غریب عوام پہلے ہی مہنگائی کے ہاتھوں پس رہی ہے اور مزید اضافہ ظلم کے مترادف ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مہنگائی کا طوفان نااہل حکمرانوں کو بہا لے جائے گا اور مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرکے عوام کو جینے کا حق دیا جائے ۔